6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 17:22
چاہتے تو ہم بھی ڈینگی پر سیاست کر سکتے تھے، گیلانی
اے آر وائی - وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ لیڈر عوام کو امید دلاتے ہیں انہیں نا امید نہیں کرتے ،چاہتے تو ہم بھی ڈینگی پر سیاست کر سکتے تھے جس طرح ہمارے دوستوں نے لوڈ شیڈنگ پر کی لیکن ہم مفاہمت پر یقین رکھنے والے ہیں۔
ٹیکسلا میں انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ا ن کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں حکومت میں رہتے ہوئے عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں اگر کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو وہ عدلیہ کی طرف جائے ہم جمہوریت پسند ہیں تنقید برداشت کرتے ہیں جو اپنے آ پ کو برداشت نہیں کر سکتے وہ دوسروں کو کیا برداشت کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پر الزامات لگائے جاتے ہیں کہ اسمبلی ربڑ سٹیمپ ہے لیکن یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ اسی ربڑ اسٹیمپ اسمبلی نے 73 کے آ ئین کو مکمل طور پر بحال کیا ہم پر یہ الزام بھی عائد کیا جاتا ہے کہ وزیر اعظم کی صدر آرمی چیف اور چیف جسٹس کے ساتھ نہیں بنتی لیکن اس بات میں کتنا وزن ہے سب جانتے ہیں ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم مفاہمتی پالیسی کے تحت سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں لیکن ہمارے دوست اس پر بھی خوش نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت صرف حکومت میں بیٹھ کر نہیں اپوزیشن میں بھی بیٹھ کر ہو سکتی ہے ۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔