6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 18:21
مذہبی جماعتوں کی ممتاز حسین کی سزائے موت کیخلاف ہڑتال کی کال
اے آر وائی - مذہبی جماعتوں کی اپیل پر سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز حسین قادری کی سزائے موت کے فیصلے کے خلاف جمعتہ المبارک کو شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی ۔
ہڑتال کی کال سنی اتحاد کونسل اورتحریک ناموس رسالت نے دے رکھی ہے۔مذہبی جماعتوں نے تاجر تنظیموں کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔ جبکہ حکومت کی طرف سے ہڑتال روکنے کے حوالے سے کوئی حکمت عملی نہیں اپنائی۔ ملک بھر میں یوم احتجاج پرجمعتہ المبارک کے اجتماعات میں ممتاز ادری کے حق میں تقریریں ہوں گی اور اس کے خلاف سنائے جانے والے عدالتی فیصلے کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
نماز جمعہ کے بعد تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سنی اتحاد کونسل اورتحریک ناموس رسالت کی رکن جماعتیں احتجاجی ریلیاں اور جلوس نکالیں گی ۔ یوم احتجاج کا مرکزی جلوس لاہور میں داتا دربار سے نکالا جائے گا جس سے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم خصوصی خطاب کریں گے۔جماعت اسلامی ،جمعیت علمائے پاکستان اور دیگر جماعتیں بھی جلوس نکالیں گی۔ صاحبزادہ فضل کریم نے صدر آصف علی زرداری سے ممتاز قادری کی سزائے موت ختم کرنے اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ7اکتوبرکی شٹرڈاؤن ہڑتال ممتاز قادری کے حق میں ریفرنڈم ثابت ہو گی۔