7 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 18:13
قزاقوں کے ہاتھوں قید افرادکےاہل خانہ کی گورنرسے ملاقات
اے آر وائی - صومالی قزاقوں کی قید میں موجود سات پاکستانیوں کے اہل خانہ مدد مانگنےکیلئے گورنرہاؤس کراچی پہنچ گئے۔گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے انہیں ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرادی ہے۔
گیارہ ماہ سے صومالی قزاقوں کی قید میں رہنے والےکیپٹن مجتبی کی بیٹی حرا نےگورنر سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ والد کی رہائی کے لیے بھیک مانگنا پڑی تو وہ دریغ نہیں کریں گی۔ گورنرہاؤس میں کیپٹن مجتبی کی بیٹی حرا اور سی مین ذوالفقار سومرو کی بیٹی سدرہ نے گورنرسندھ، متحدہ کے قائد الطاف حسین اوروفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک سےمغویوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سات پاکستانیوں سمیت سولہ افراد کو خیر و عافیت کے ساتھ وطن واپس لائیں گے۔سی پی ایل سی چیف احمد چنائے نے بتایا کہ قزاقوں نے معاملات طے کرنے کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔