8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 7:14
خونی ڈینگی لاہور میں مزید چار زندگیاں کھا گیا
اے آر وائی - پنجاب میں ڈینگی کا زہر تیزی سے پھیل رہا ہے چند گھنٹوں میں مزید چار افراد ڈینگی کے زہریلے ڈنگ کا شکار ہوکر جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد دو سو گیارہ ہو گئی۔ خصوصا لاہور میں سیکنڑوں افراد اس کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ یومیہ دس سے پندرہ ہونے والی ہلاکتوں کے سبب شہر کی فضا بھی سوگوار ہے۔
دریں اثنا گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ بھر میں 23مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہو چکی ۔جبکہ متاثرہ مریضوں کی کل تعداد پانچ سو پچاس ہوگئی ہے۔
ڈینگی سرویلینس سیل کے مطابق کراچی میں ڈینگی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے ڈینگی سرویلینس سیل کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں51 اور اندرون سندھ19 مریض زیر علاج ہیں ور پہلے سے زیر علاج 25مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔
رواں سال میں اب تک مجموعی طور پر کراچی میں چار سو بیالیس اور اندرون سندھ ایک سو آٹھ مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے سے ڈینگی کی افزائش میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے اور یہ سلسلہ کم وبیش نومبر تک جاری رہتا ہے اس لئے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔