تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 10:58

شہید بے نظیر بھٹو کی چوتھی برسی کا جلسہ جاری

اے آر وائی - سابق وزیر اعظم شہید بینظیر بھٹو کی چوتھی برسی آج عقیدت واحترام سے منائی جارہی ہے۔ گڑھی خدابخش میں پیپلزپارٹی کا جلسہ جاری ہے ملک بھر سے آئے ہوئے جیالے جلسے میں شریک ہیں جبکہ خواتین کی بڑی تعداد بھی جلسہ گاہ میں موجود ہے۔ جلسے کی سیکورٹی کیلئے فضائی نگرانی کی جارہی ہے۔ دوسری جانب جیالوں کی بینظیرشہید کے مزار پر حاضری کے وقت انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں ۔



وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بے نظیر شہید اور ذوالفقار علی بھٹو شہیداور بھٹو خاندان کے دیگر شہداء کے مزار پرحاضری دی اورفاتحہ خوانی کی ۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک،وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ اور دیگر وزرا بھی تھے ۔



برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں بھٹو خاندان کے مزار پر جانے کے لیے شرکا کو واک تھرو گیٹس سے گزارا جارہا ہے۔ پارٹی کارکنوں کی رہنمائی کیلئے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں، برسی میں سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے پیپلزپارٹی کے کارکنان کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے لاکھوں افراد شرکت کررہے ہیں۔



لوگ قافلوں کی صورت گڑھی خدا بخش پہنچے ہیں ۔ بینظیر بھٹو کی چوتھی برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے قائدین، وفاقی، صوبائی وزراء اور اہم شخصیات بھی موجود ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.