24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 6:36
پابندی ختم، 55دہشتگردوں کو پھانسی دینے کی تیاریاں مکمل
جیو نیوز - اسلام آباد......وزیراعظم کی طرف سے پھانسی کی سزا پرعمل درآمد کی پابندی ختم ہونے کے بعد ملک بھر کی جیلوں میں سزایافتہ55دہشت گردوں کو پھانسی دینے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، ایک رپورٹ کے مطابق دہشت گردی اور سنگین جرائم میں پھانسی کی سزا پانے والے522افراد پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی جیلوں میں بندہیں ۔ ان میں سے 11افراد کو فوجی عدالتوں میں کورٹ مارشل سے موت کی سزا دی گئی تھی ،پھانسی کی سزا پانے والوں میں سب سے زیادہ پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں جن کی تعداد 465ہے، سندھ کے14 خیبرپختونخوا کے30اور بلوچستان کی جیلوں میں13افراد سنگین جرائم اور دہشت گردی کے الزامات میں موت کی سزا کے منتظر ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کےمطابق دہشت گرد ی اورسنگین جرائم میں سزائے موت پانے والے55افراد کی اپیلیں سپریم کورٹ اور صدر مملکت نے بھی مسترد کردی ہیں۔پشاور میں سیاسی اور فوجی قیادت کی ملاقات میں دہشت گردوں کو قرار واقعی سزائیں دینے کے معاملے پر بات ہوئی جس میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ سزائے موت پرعمل درآمد نہ ہونے سے دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہوئی، جس سے عدالتیں بھی دہشت گردوں کو سزائیں دینے سے گریزاں تھیں۔ اس موقع پرفیصلہ کیا گیا کہ یورپی ایجنڈے کو نظر انداز کرکے ہمیں اپنے حالات و واقعات کو پیش نظر رکھنا ہوگا، اور سزائے موت پر عمل درآمد کا فیصلہ واپس لینا ہوگا چنانچہ سیاسی اور فوجی قیادت کی اتفاق رائے سے فیصلہ کیاگیااور فیصلے کے نتیجے میں دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث سزا یافتہ55افراد کو پھانسی دینے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جن کی تمام عدالتوں اور صدر مملکت سے رحم کی اپیلیں مسترد ہوچکی ہیں ان میں8بڑے دہشت گرد بھی شامل ہیں۔