24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 7:40
ننھی پری داخلےکیلئے اسکول آئی تھی،دہشتگردوں نے اسے بھی نہ چھوڑا
جیو نیوز - پشاور.........ننھی پری داخلےکے لیے اسکول پہنچی تھی ، دہشت گردوں نے اسے بھی نہ چھوڑا،پشاور اسکول حملے میں درندوں نے بابا کی لاڈلی خولہ کو بابا کی گود میں ہی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔بہن کی شہادت کامنظر اپنی آنکھوں سے دیکھنے والا بھائی اب بھی اپنی بہن کو صدائیں دے رہا ہے۔ پشاور میں اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 سالہ خولہ بی بی شہید ہوگئی، دہشت گردوں نے باپ کی گود میں معصوم خولہ کو نشانہ بنایاجوداخلہ کے لئے اسکول پہنچی تھی۔ بہن کی شہادت کامنظر کمسن بھائی اپنی آنکھوں سے دیکھتا رہا۔ ننھے بھائی کا کہنا ہے کہ میں کہتا تھا میری بہن خولہ بی بی کہاں ہے، میری خولہ بی بی کہاں ہے؟میرے ابو کہاں ہیں؟ اتنے میں کالج میں فائرنگ ہوتی ہے، کبھی اسکول سے فائرنگ ہوتی ہے،فائرنگ کرنے والے چھتوں پر چڑھے ہوئے تھے جو ہماری کلاس پر فائرنگ کررہے تھے۔ہنستی مسکراتی، شوخ و چنچل خولہ کو آج اس کا چھوٹا بھائی بے اختیار آوازیں دے رہا ہے، مگر اب خولہ وہاں جاچکی ہے جہاں سے کوئی واپس نہیں آتا، دہشت گردوں نے خولہ کو شہید کردیاخولہ سانحہ کے روز اسکول میں داخلے کے لئے خوشی خوشی والد کےساتھ اسکول آئی تھی۔ پرنسپل کے روم میں باپ کی گود میں بیٹھی تھی، دہشت گردوں نے اس معصوم کو باپ کی گود میں ہی قتل کردیا،گھر آئے تو پتہ چلا خولہ بی بی ابو کی گود میں بیٹھی تھی۔ ابو کہہ رہے تھے بچاؤ، کالج والوں بچاؤ، اتنے میں میری بہن گود میں بیٹھی تھی، دہشت گردوں نے دو گولیاں بہن کےسر میں مار دیں، ابو نے کہا اس کے سر میں گولی نہ لگے، ابو آگے گئے تو ان کی ٹانگوں پر دو گولیاں ماردی گئیں، ابو کو اسپتال لے گئے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے سہما ثمر اپنے بھائی کو بھی ڈھونڈتا رہا، آواز دیتا رہا، ڈاکو آگے، کلاس میں داخل ہوگئے، میں رو رہا تھا، میرا بھائی دوسری کلاس میں رو رہا تھا، ایک دوسرے کو ڈھونڈ رہے تھے۔ ثمرکبھی اپنی بہن کی جدائی پرافسردہ ہوجاتاہے تو کبھی اسپتال میں موت سے لڑتے اپنے والد کے لئے دعاکرتاہے۔ زخم چاہے کتنے ہی گہرے کیوں نہ ہولیکن یہ کمسن بچہ اپنے بابا کے خواب کو سچ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔