24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 8:22
وفاقی حکومت کا ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی چیلنج کرنے کا فیصلہ
جیو نیوز - اسلام آباد...........انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے اسے ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت پر رہائی کا فیصلہ سنایا ۔ ملزم کی جانب سے رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے دلائل دیے جبکہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر چودھری اظہر نے درخواست کی مخالفت میں دلائل دیے۔ حکومت پاکستان نے انسدا دہشت گردی کی عدالت کے اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منظور ہونے کے فیصلے پر بھارت نے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے۔ ممبئی حملوں کے بعد بھارت کی درخواست پر ذکی الرحمان لکھوی کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ وزارت داخلہ نے فروری 2009ء میں گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ملزم کو عدالت کے سامنے پیش کیا ۔ ذکی الرحمان لکھوی پر 25 نومبر 2009ء کو دیگر6ملزمان کے ساتھ فرد جرم عائد کی گئی ۔ممبئی حملہ کیس کا ٹرائل مکمل ہونے میں تاخیر کی ایک وجہ 2012ء میں بھارت جانے والے جوڈیشل کمیشن کو اجمل قصاب تک رسائی اور بھارتی گواہوں پر جرح کی اجازت نہ ملنا ہے۔ بھارتی گواہوں پر جرح کی اجازت ملنے کے بعد جوڈیشل کمیشن نےستمبر 2013ء میں بھارتی گواہوں کے بیانات ریکارڈ اور ان پر جرح مکمل کی جس کے بعد رپورٹ عدالت میں پیش کر کے اسے عدالتی کارروائی کا حصہ بنایا گیا۔مقدمہ میں گرفتار 7 ملزمان کا جیل میں ان کیمرا ٹرائل جاری ہے اور اب تک استغاثہ کے 32 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔