24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 12:20
حکومت اورتحریک انصاف کےدرمیان مذاکرات
جیو نیوز - اسلام آباد........حکومت اورتحریک انصاف کےدرمیان مذاکرات ہوئے ،جن کے بعد حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان نے میڈیا سے گفتگو کی۔ حکومتی کمیٹی میں شامل وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے سے پہلے جو ڈیشل کمیشن کا فیصلہ ہوجائے گا،نیشنل ایکشن پلان کمیٹی میں بھی تحریک انصاف کی نمائندگی ہے، آج تک جوپیشرفت ہوئی ہےاس پردونوں پارٹیوں کی قیادت کوبریف کیاجائے گا،جوڈیشل کمیشن میں قانون کےمطابق ججز کے علاوہ کوئی نہیں ہوسکتا،جوڈیشل کمیشن کی صوابدید ہے کہ وہ کسی کو بھی شامل کرے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ تحریک انصاف بھی مکمل تعاون کررہی ہے،وزیر اعظم نوازشریف کی ہدایت ہےکہ جتنا جلد ہوسکے مذاکرات مکمل کیےجائیں ، لہٰذا اگلے ہفتے مذاکرات کو مکمل کرنےکی کوشش کریں گے۔تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات میں خاصی پیش رفت ہوئی ہے،ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے مذاکرات کو حتمی نتیجے تک پہنچائیں، امید ہے اگلے ہفتے معاہدے سے متعلق اچھی خبر دیں گے،اسمبلیوں میں واپس آنے کا فیصلہ مذاکرات سے مشروط ہے۔جہانگیرترین کا کہنا تھا کہ عمران خان نےواضح کہا تھا کہ اسمبلیوں میں واپسی جوڈیشل کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہے۔ اس موقع پر رکن حکومتی کمیٹی احسن اقبال نے کہا کہ مذاکرات مثبت سمت میں جارہےہیں۔