تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 16:54

سندھ میں سزائے موت کے 6قیدیوں کی اپیلیں مسترد

جیو نیوز - سکھر........ سندھ کی جیلوں میں سزائے موت کے 382 قیدی ہیں، 6 قیدیوں کی تمام اپیلیں مسترد ہوچکی ہیں جن میں سے کالعدم تنظیم کے دو دہشتگردوں عطاء اللہ عرف قاسم اور محمد اعظم کے ڈیتھ وارنٹ بھی جاری کردیئے گئے ہیں، دونوں کو 23 دسمبر کو سکھر جیل میں پھانسی دی جائیگی۔سندھ کی عدالتوں سے سزا ئے موت پانے والے قیدیوں کی تعداد 382 ہے ۔سینٹرل جیل کراچی میں سزائے موت کے 115 قیدی،حیدرآباد میں 178،سکھر میں 73،لاڑکانہ میں 14 اور مچھ جیل میں ایک قیدی ہے۔ سینٹرل جیل کراچی میں اسما نواب اور حیدرآباد جیل میں خدیجہ نامی خواتین بھی سزائے موت کی قیدی ہیں۔ چھ قیدیوں کی تمام اپیلیں مسترد ہوچکی ہیں جن میں بہرام خان، شفقت، جلال مریجو، عبدالرزاق چوہان، عطاء اللہ اور محمد اعظم شامل ہیں۔ کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے عطاء اللہ اور محمد اعظم کو کراچی سےسکھر جیل منتقل کیا گیا تھا اور انہیں سکھر ہی میں پھانسی پر لٹکانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں بہرام خان اور شفقت کی پھانسی کی سزا پر عمل درآمد کیاجائے گا کیونکہ ان کے بلیک وارنٹ پہلے جاری ہوچکے تھے۔ سندھ ہائیکورٹ میں 115 قیدیوں کی سزائے موت کے خلاف اپیلیں زیر سماعت ہیں ۔ سپریم کورٹ سے اپیلیں مسترد ہونے کے بعد 25 قیدیوں کی رحم کی اپیلیں صدر مملکت کے پاس ہیں۔ کراچی سے سزائے موت کے مجرموں بہرام خان، شفقت، عطاء اللہ اور اعظم کے بلیک وارنٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبرتین اور پانچ جاری کریں گی۔جیل مینول کے مطابق پھانسی کی سزا رات دوبجے کے بعد نماز فجر سے پہلے کسی وقت ہی دی جاسکتی ہے۔ تعطیل کے روز ، تہواروں، جمعے کے دن اور رمضان میں پھانسی نہیں دی جاسکتی۔ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ، جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب یا ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پھانسی نہیں دی جاسکتی۔ پھانسی کی سزاپر عمل درآمد صرف پیر، منگل،بدھ اور جمعرات کو ہی نماز فجر سے پہلے ممکن ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان چار دنوں کے علاوہ پھانسی دینے کیلئے جیل رولز میں ترمیم لازمی ہوگی اور ترمیم کے لئے بھی سفارشات تیار کی جارہی ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.