3 جنوری 2015
وقت اشاعت: 17:2
اداروں کے درمیان ہم آہنگی کامیابی کی کُنجی ہے:آرمی چیف
جیو نیوز - لاہور..........آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہناہے کہ تمام انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہم آہنگی ہی کامیابی کی کُنجی ہے، انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ہر قیمت پرجڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے چاروں صوبوں میں سویلین اور فوجی اداروں کے درمیان ایپکس کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں پنجاب کی ایپکس کمیٹی کا پہلا اجلاس کور ہیڈکوارٹر لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف ،پنجاب کے تمام کور کمانڈرز، وزیراعلیٰ پنجاب اورصوبائی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں امن وامان کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کا مقصد فوج اور حکومت میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ اجلاس سے خطاب میں جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ تمام انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہم آہنگی ہی کامیابی کی کُنجی ہے۔ عوام،انٹیلی جنس اورسیکورٹی فورسز کی کوششوں سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ گزشتہ روز کُل جماعتی کانفرنس میں دہشت گردی کے خاتمے کا عہد ہمارے لیے طاقت کا باعث ہو گا ،انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ہر قیمت پرجڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو تیز عدالتی کارروائی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہیں، مشترکہ سیکورٹی پلان کے ذریعے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے۔