4 جنوری 2015
وقت اشاعت: 0:16
مینار پاکستان پر تحریک منہاج القرآن کے تحت میلادالنبی ؐ کانفرنس
جیو نیوز - لاہور......عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر تحریک منہاج القرآن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹرطاہرالقادری نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات پر روشی ڈالی اور سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کو یاد کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آپریشن ضرب عضب میں تمام دہشتگردوں کا بلاتفریق خاتمہ کیاجائے۔مینار ِپاکستان لاہور میں تحریک منہاج القرآن کی جانب سے میلاد النبیﷺ کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس سے ڈاکٹر طاہرالقادری نے وڈیولنک سےخطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ سرور کائنات ﷺ دو عالم کیلیے رحمت بنا کر دنیا میں بھیجے گئے ۔ اگر کوئی ظلم کرکے یہ سمجھے کہ وہ اسلام کی خدمت کر رہا ہے تو وہ غلط ہے، ظلم کے ذریعے کفر کی خدمت تو ہوسکتی ہے اسلام کی نہیں۔ ہمارے نبیﷺ رحمت اللعالمین ہیں امن محبت اور بھائی چارہ ان کی تعلیمات ہیں۔تحریک منہاج القرآن کے تحت مینارپاکستان میں منعقدہ میلادالنبیﷺ کانفرنس میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کانفرنس کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، پرندوں کو آزاد کیا گیا اور ایک دوسرے کو عیدمیلادالنبیﷺ کی مبارکبادیں پیش کی گئیں۔