4 جنوری 2015
وقت اشاعت: 22:19
ذوالفقار علی بھٹو کا یوم ولادت آج سادگی سے منایا جائے گا
جیو نیوز - گڑھی خدا بخش........سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا یوم ولادت آج سادگی سے منایا جائے گا، گڑھی خدابخش میں قرآن خوانی ہوگی جبکہ وزیرعلیٰ سندھ قائم علی شاہ لاڑکانہ میں کیک کاٹیں گے، سیاست کوڈرائنگ روم سے نکال کرسڑکوں پر لانے والے عوامی لیڈر بھٹو کی زندگی پر نظر ڈال رہے ہیں۔قائد عوام کا لقب پانے والے ذوالفقارعلی بھٹو 5 جنوری 1928 ء کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ کیلیفورنیا اور آکسفورڈ سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور 1963 ءمیں یوبی کابینہ میں وزیر خارجہ بنے تاہم سیاسی اختلافات پر حکومت سے کنارہ کشی اختیار کرکے ترقی پسنددوستوں کے ساتھ مل کر 30نومبر 1967 ءکو پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی۔ پیپلز پارٹی سماجی انصاف،سوشلسٹ نظریات اور جمہوریت کے فروغ پر مبنی منشور کے باعث دن بدن مقبول ہو تی گئی۔1970 ءکے الیکشن میں زیڈ اے بھٹو نے روٹی ،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا، انتخابات میں کامیاب ہوکراقتدارسنبھالا تو ملک دولخت ہو چکا تھا،جس کی وجہ سے سویلین مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر اورپھر 1971 ءسے 1973 ءتک پاکستان کے صدر رہے،1973 ءسے 1977 ءتک منتخب وزیراعظم رہے۔ بھٹو دور میں پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لئے کئی اقدامات کیےگئے۔تاہم مبینہ داخلی اور خارجی سازشوں کے نتیجے میں جنرل ضیاء نے منتخب حکومت کا تختہ الٹااور قتل کے الزام میں مقدمہ چلا کر4اپریل 1979کو انہیں تختہ دار پر تو لٹکا دیا مگر بھٹوکےآفاقی نظریات کو ختم نہیں کیا جاسکا۔