7 جنوری 2015
وقت اشاعت: 10:43
صدر مملکت نے 21ویں آئینی ترمیم پر دستخط کردیئے
جیو نیوز - اسلام آباد......صدرمملکت ممنون حسین نے 21 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کردیئے ہیں جس کے بعد21ویں ترمیم فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے اور عمل در آمد لاگو ہو گیا ہے۔ گذشتہ روزپارلیمنٹ کے دونوں ایوان اس آئینی ترمیم کو متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھانے والوںکا کڑا محاسبہ کیا جا سکے گا۔دونوں ایوانوں میں وفاقی وزیر پرویز رشید نے ترمیمی بل پیش کئے تھے اور ترامیم کی شق وار منظوری لی گئی، کسی رکن نے بھی مخالفت میں ووٹ نہیں دیا تھا، قومی اسمبلی میں 247 ؍ اور سینیٹ میں 78؍ ارکان نے بل اور ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور جماعت اسلامی نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا جبکہ تحریک انصاف کے تمام ارکان اورشیخ رشید اجلاس سے غیر حاضر رہے، غیر حاضری کے باعث جماعت اسلامی کی ترمیم ڈراپ کردی گئی۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے ترامیم کے حق میں ووٹ دیا۔ صدرمملکت کی توثیق کے بعد بل نافذ العمل ہو گیا ہے اور دہشت گردی کے مقدمات کی تیزترین سماعت کیلئے ملک میں دو سال کیلئے فوجی عدالتوں کاقیام عمل میں آجائے گا۔