9 جنوری 2015
وقت اشاعت: 15:3
سی آئی ڈی کےشہید چوہدری اسلم کی آج پہلی برسی
جیو نیوز - کراچی........... سی آئی ڈی کے شہید چوہدری اسلم نے 1963ءمیں مانسہرہ کے علاقے ڈھوڈھیال میں آنکھ کھولی۔ ابتدائی تعلیم کے بعد کراچی منتقل ہوگئے، یہیں گریجویشن کی اور پھر پولیس فورس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس Super Cop نے اپنے ماموں کی بیٹی سے پسند کی شادی کی تھی۔محمد اسلم خان عرف چوہدری اسلم نے 10اپریل 1963ءکو مانسہرہ کے علاقے ڈھوڈھیال میں آنکھ کھولی، ابتدائی تعلیم ڈھوڈھیال میں حاصل کرنے کے بعد کراچی منتقل ہوگئے اور پھر گریجویشن تک تعلیم یہیں حاصل کی۔ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے لیے خوف کی علامت بنے رہنے والے Super Cop نے 31دسمبرإ 1993کو اپنے ماموں کی بیٹی سے پسند کی شادی کی۔شہید چوہدری اسلم کی بیوہ نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے گھر والوں کو بہت کم وقت دیا تاہم جب بھی گھر آتے بچوں کی طرح شرارتیں کرتے، شعر و شاعری سے بھی شغف تھا۔ پولیس کی وردی کے علاوہ چوہدری اسلم عموماً سفید کاٹن کے کلف شدہ کپڑوں میں نظر آتے۔ ان کی بیوہ نے بتایا کہ چوہدری اسلم کو ہمیشہ شہادت کی تمنا رہی اور وہ اسے کفن سمجھ کر پہنا کرتے تھے، چاہے کوئی آپریشن ہو یا عام حالات انہوں نے کبھی بھی بلٹ پروف جیکٹ یا ہیلمٹ نہیں پہنا۔ شہید چوہدری اسلم کے اہل خانہ یہ شکوہ کرتے نظر آتے ہیں کہ شہادت کے بعد انہیں کسی بھی تمغے سے نہیں نوازا گیا، نہ ہی ان کے نام سے کوئی سڑک موسوم کی گئی۔