9 جنوری 2015
وقت اشاعت: 16:39
عمران خان ریحام کی شادی عالمی میڈیا پر بھی خبروں میں
جیو نیوز - کراچی.........عمران خان اور ٹی وی اینکر ریحام خان کی شادی عالمی میڈیا کی بھی زینت بنی اور دنیا بھر کے معروف اخبارات نے اس خبر کو شائع کیا۔سابق کرکٹ کپتان اور اور ٹی وی میزبان ریحام خان کے ایک ہونے پر جہاں پاکستانی خوش ہیں وہیں انٹرنیشنل میڈیا بھی نہال ہے۔خلیج ٹائمز نے لکھا کہ 62سالہ عمران اور 41سالہ ریحام کی آخر کار باقاعدہ شادی ہو ہی گئی، لیکن نہ بارات ہوئی اور نہ ہوگا ولیمہ۔ دونوں یہ خوشی بانٹیں گے غریب بچوں کو کھانا کھلا کر۔ برطانوی اخبار گارجین کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے بعد کی صورتحال اور خاندان کے کچھ افراد کا رضامند نہ ہونا تقریب کی سادگی کا سبب بنا،لیکن پاکستانی میڈیا پر اس خوشی کو پرجوش انداز میں سیلیبریٹ کیا گیا۔ ڈیلی میل نے رپورٹ کیا کہ عمران خان نے خود سے 20سال چھوٹی ویدرگرل سے شادی کرلی اور حق مہر رکھا گیا 850ڈالرز۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نےلکھا کہ پاکستان کرکٹ لیجنڈ عمران خان نے بی بی سی کی سابق صحافی سے شادی رچا لی،اس شادی کو سانحہ پشاور پر ملک بھر میں سوگ کی کیفیت کے باعث بعض اپوزیشن سیاستدانوں کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق چھوٹی سی تقریب اور قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں عمران اور ریحام ایک ہوگئے۔ٹائمز آف انڈیا نے بھی ویدر گرل اور کرکٹ ماسٹر کی شادی کا خوب چرچا کیا۔