تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:25

کنٹرول لائن، ورکنگ باؤنڈری پر ہونیوالے واقعات پر تشویش ہے، جان کیری

جیو نیوز - اسلام آباد.........امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ انہیں کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر ہونے والے واقعات پر تشویش ہے، پاکستان اور بھارت باہمی طور پر مسائل حل کریں۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں کہ سانحہ پشاورکے بعد پاکستان کی پالیسی واضح ہے،تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سیاسی قیادت کے اتفاق رائے کو سراہتے ہیں۔ پاکستانی و افغان طالبان، حقانی نیٹ ورک اور دیگر تمام دہشت گرد گروپس نہ صرف پاکستان اور اس کے ہمسایوں بلکہ امریکا سمیت دنیا کے لیے بھی خطرہ ہیں، شمالی وزیرستان میں آپریشن کیلئے پاکستانی فورسز زبردست خراج تحسین کی مستحق ہیں، ہمیں یہ یقینی بنانا ہو گا کہ دہشت گرد اس ملک یا کہیں اور جگہ نہ پا سکیں، 16دسمبر کو پشاور میں ہونے والے بچوں کے بہیمانہ قتل کو امریکا میں ہر والدین اور شہریوں نے محسوس کیا، طالبان کے نزدیگ انسانی جان کی کوئی قدر نہیں، جنہوں نے یہ بزدلانہ حملہ کیا انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ان کی اس حرکت سے ہمارے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط و مستحکم کیا ہے، امریکا فرانس کی طرح پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی شراکت داری بڑھانا چاہتا ہے، تاکہ سرحدوں اور دیگر اطراف کے خطرات کو ختم کیا جا سکے، ہم پاک افغان حالیہ اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، دو طرفہ تعلقات کی بہتری پاکستان اور بھارت کے مفاد میں ہے، دونو ں کو پائیدار امن کیلئے مذاکرات کے ذریعے کوئی راستہ نکالنا ہو گا، آج پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ وہ تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف کاروائی کا ارادہ رکھتا ہے، حقانی نیٹ ورک کے گڑھ کو ختم کرنے کیلئے پاکستان نے ایک سخت آپریشن شروع کیا ہے، پاکستان نے اپنی فوج کا ایک بڑا حصہ مغربی سرحد پر تعینات کیا ہے، ہماری ملٹری اور انٹیلی جنس ایجنسیز اس عمل کو آگے بڑھانے کیلئے مشاورت کر رہی ہیں۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور کے بعد پاکستان کی پالیسی واضح ہے، ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی،نیشنل ایکشن پلان تیار کر لیا گیا ہے، شمالی وزیرستان میں آپریشن کے ذریعے حقانی نیٹ ورک کا انفراسٹرکچر تباہ کر دیا ہے، افغانستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ہماری سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، پالیسی گائیڈ لائنز اور ایکشن پلان بہت واضح ہے۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے یہ واضح کر دیا ہے کہ اچھے اور برے دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں کیا جائے گا، جس کا عملی مظاہرہ اگلے چند دنوں، ہفتوں یا مہینوں میں سامنے آئے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.