تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
14 جنوری 2015
وقت اشاعت: 13:32

فوجی عدالتیں بنانے کا فیصلہ جمہوری حکومت نے کیا ،وزیر اعظم

جیو نیوز - اسلام آباد......وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہےکہ فوجی عدالتیں بنانے کا فیصلہ مارشل لا ایڈمنسٹریٹر نے نہیں جمہوری حکومت نے کیا ، نفرت اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف مقدمات فوجی عدالتوں میں چلیں گے۔ صدر ممنون حسین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور توانائی کے چیلنجوں پر جلد قابو پالیا جائے گا۔وزیر اعظم نواز شریف نے ایوان صدر اسلام آباد میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی جس میں اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، بعد میں صدر اور وزیراعظم نے تاجر وںکے وفد کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی اور توانائی کی کمی جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے۔ وہ چیلنج سمجھ کر حکومت میں آئے ہیں،مشکلات سے گھبرائے نہیں،مسائل حل کریں گے،وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے 20 نکاتی قومی لائحہ عمل تیار کیا، 21 ویں ترمیم اور آرمی ایکٹ میں ترمیم کی گئیں، دہشت گردی کے ناسور پر قابو پانے کے لئے فوری انصاف نہایت ضروری ہے،ملکی مفاد کے یہ فیصلے بہت پہلےہو جانے چاہیئے تھے ، وزیر اعظم نے کہا کہ ضرب عضب نے دہشت گردوں کا کمانڈ اور کنڑول نظام تباہ کر دیا، انہوں نے بتایا کہ ایران سےگوادر تک گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی ۔ گوادر سے نواب شاہ گیس پائپ لائن بچھانے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ نواز شریف نے چیئر مین ایف بی آر کو تاجر برادی سے مل کر مسائل حل کر نے اور وزارت پانی وبجلی کو نئے بجلی گھر لگانے میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایات دیں۔اجلاس میں صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں امن و امان اور توانائی کا بحران سب سے بڑی رکاوٹیں ہیں۔حکومت یہ دونوں مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر صدر نے وزیر اعظم،وفاقی وزراء اور تاجر برادری کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.