تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 جنوری 2015
وقت اشاعت: 13:42

قومی اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

جیو نیوز - اسلام آباد......... قومی اسمبلی میں فرانسیسی میگزین میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے جس میں اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت رکوانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ ایسی مذموم حرکات سے جان بوجھ کرمسلمانوں کو اشتعال دلایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مذمتی قرارداد وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے پیش کی۔قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی جس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی شدیدمذمت کی گئی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان اظہار رائے کی آزادی کا قائل ہے لیکن یورپی ممالک اظہار رائے کی آزادی کی حدود کو سمجھیں، مقدس ہستیوں کی توہین نہ کی جائے، اسلام امن کا مذہب ہے، توہین آمیز خاکوں کی اشاعت تشدد کو فروغ دینے کی سوچی سمجھی کوشش ہے، عالمی برادی اس کا نوٹس لے۔ اس سے قبل اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان توہین رسالت کو برداشت نہیں کر سکتا، اس معاملے کو عالمی سطح اور ہر فورم پر اٹھایا جائے گا، یورپی ممالک مسلمانوں کی دل آزاری کے اقدامات سے باز رہیں۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ خاکوں کی اشاعت سے یورپ دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، 1 ارب 70 کروڑ مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی ، اگر یورپ ایسی اشتعال انگیزی کرے گا تو ان کے اکابرین کو اس پر توجہ دینی چاہیئے۔ خورشید شاہ نے استفسار کیا کہ کیا ایسے توہین آمیز خاکے شائع کرنے والے دہشت گرد نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ توہین رسالت ﷺ پر مبنی خاکے شائع کر کے دہشت گردی کو ابھارا جا رہا ہے، اس طرح کی نا پاک اور مذموم حرکات سے دہشت گردی کو جواز فراہم کیا جاتا ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ اظہار رائے کے نام پر پیغمبر اسلام اور مقدس ہستیوں کی توہین کی اجازت نہیں دے سکتے ، جے یو آئی ف کی رکن نعیمہ کشور نے کہا کہ خاکوں کی اشاعت سے دہشت گردی کو ہوا دی جا رہی ہے، خاکوں کی دوبارہ اشاعت دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے۔ غوث بخش مہر نے کہا کہ حکومت او آئی سی کا اجلاس بلائے اور اس معاملے کوعالمی سطح پر اٹھائے۔ اعجاز الحق نے کہا کہ یورپ اس سے پہلے بھی مسلمانوں کی دل آزاری کرتا رہا ہے، عالمی سطح پر اس معاملے کو بھر پور طریقے سے اٹھایا جائے۔ شیخ صلاح الدین نے کہا کہ تمام متعلقہ ممالک کے سفیروں کو طلب کر کے بھرپور احتجاج کیا جائے۔آزاد رکن جمشید دستی نے توہین رسالت کے مرتکب افراد کی شدید مذمت کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.