17 جنوری 2015
وقت اشاعت: 5:25
لاہورسمیت پنجاب میں 5ویں دن بھی پٹرول کی قلت برقرار
جیو نیوز - لاہور........پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول کی قلت برقرار ہے ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ 5 سے 8 دنوں میں پٹرول کی کمی مکمل طور پر دور ہو جائے گی۔یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات 5روپے فی لٹر سے زائد سستی ہونے کی توقع ہے ۔پنجاب میں پانچ روز سے جاری پیٹرو ل کی قلت اب تک برقرار ہے ۔ سی این جی کی بندش کے بعد پیٹرول کے بحران سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں کئی پٹرول پمپس ایندھن نہ ہونے کے باعث بند ہیں جبکہ جن پیٹرول پمس پر پیٹرول موجود ہے ، وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہیں ۔لاہور شہر کے بھی 95 فی صد پٹرول پمپ بند ہیں اور شہری پٹرول کے حصول کےلیے مارے مارے پھر رہےہیں۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پانچ فی صد کھلے پمپوں پر موٹر سائیکل کو 100روپےاورگاڑی کو 500روپے تک کا پٹرول دیا جارہا ہے۔وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ جنوری کے مہینے میں پیٹرول کا استعمال 25 فیصد بڑھ گیا، پٹرول کی اوسط فروخت 12ہزار ٹن سے بڑھ کر جنوری کے پہلے دو ہفتوں میں 15ہزار ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 31جنوری تک ایک لاکھ 68ہزار ٹن پٹرول پاکستان پہنچ جائے گا ،انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیزل کی کمی نہیں 30 روز کے ذخائر موجود ہیں۔ایل این جی درآمد پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قطر سے بات چیت کیلئے ٹیم اگلے ہفتے جا رہی ہے۔ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ایل این جی پر شیخ رشید کو مناظرے کا چیلنج ہے۔، وزیر پٹرولیم نے کہا کہ گیس قیمتوں میں اضافے کا معاملہ وزیر اعظم کے پاس ہے جس کا اسی ماہ فیصلہ ہو جائے گا۔