17 جنوری 2015
وقت اشاعت: 15:40
آزادی رائے کے نام پرہمارے مذہب کی تضحیک کی جارہی ہے، وزیر داخلہ
جیو نیوز - اسلام آباد...........وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارنے کہا ہے کہ آزادی رائے کے نام پرہمارے مذہب کی تضحیک کی جارہی ہے، یہ اقدام دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے،مدارس نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ثبوت ملے تو کارروائی کے لیے حکومت سے تعاون کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں میڈیا اور مدرسوں کےمتعلق غور کیاگیا،قومی لائحہ عمل پر تاریخ ساز اتفاق رائے سامنے آیا ہے،پاکستان مشکل ترین صورتحال اور حالت جنگ میں ہے،میں نے پوری سیاسی زندگی میں اتنی طویل میٹنگ نہیں کی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد صرف میٹنگ تک محدود نہیں،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، یہ طویل جنگ ہونی ہے، ملک کو فساد سے نجات دلانا چاہتےہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کمر کسنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف اپنے ملک کا دفاع کرنا چاہتے ہیں، گستاخانہ خاکوں پر پوپ فرانسس کے بیان کو سراہتے ہیں،جب تک مذاہب کا احترام نہیں ہوگا تب تک دہشت گرد فائدہ اٹھائیں گے، 21ویں ترمیم پر 2جماعتوں کوتکنیکی تحفظات ہیں،ان جماعتوں کے تحفظات کو دور کریں گے،ہماری کوشش ہوگی کہ نیشنل ایکشن پلان سے تمام جماعتیں متفق ہوجائیں،تمام مدارس کے منتظمین نے کہا ہےکہ ہم حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں،جن مدارس کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونی کے ثبوت ہوں گے،ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے،تمام مکاتب فکر کے مدارس دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ میڈیا اپنی طاقت ملک بچانے کیلئے استعمال کرے،میڈیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت نہیں ریاست کا ساتھ دے، میڈیا سے معاملات کو حل کرنے کیلئے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے،میڈیا پر قدغن نہیں لگائیں گے،میڈیا پہلے سے جو کچھ کررہا،اس کو مزید بہترکرے۔وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گرد چاہتے ہیں ہم ہمت ہار جائیں، اس لیے وہ گھناؤنے حملے کررہے ہیں، بنوں واقعہ خیبرپختونخوا کی ذمےداری تھی،ہم نے کسی پر الزام تراشی نہیں کی،ہم نے ذمے داری نبھاتے ہوئے کسی کا نام نہیں لیا،دہشت گردوں کو ہرانے کے لیے متحد ہونا لازمی ہے، سب پرذمے داری عائد ہوتی ہے الزام تراشی سے بچا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو عہد کرنا ہوگا کہ برے سے برے وقت پر بھی ہمت نہیں ہارنی،میڈیا کی تمام تنظیمیں دہشت گردی کے خلاف یکجا ہیں،میڈیاکی تنظیموں نےدہشت گردی کےمعاملے پر ساتھ دینےکی یقین دہانی کرائی ہے،ریاست کے ستون دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہیلپ لائن 1717پر بے بنیاد کالوں کی تعداد میں کمی آئی ہے،انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ مزید حملے ہوسکتے ہیں۔