تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
17 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:37

نصر اللہ خان شجیع نے امید کی شمع روشن کی،انکی زندگی مشعل راہ ہے،سراج الحق

جیو نیوز - کراچی..........جماعت ِ اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ نصر اللہ خان شجیع نے ہمیشہ امید کی شمع روشن کی ،ان کی زندگی ہمارے لیے مشعل ِراہ ہے۔جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و سابق رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان شجیع شہید کی یاد میں ادارہ نورحق میں منعقدہ تعزیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ آج جس طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی گئی ہے اور پیرس میں جمع ہو کر یکجہتی کا مظاہرہ کیاگیاہے یہ ایک حادثہ نہیں بلکہ یہودی سازش ہے، مغرب نے ہماری غیرت کو للکارا ہے، ہم اس چیلنج کا جواب دیں گے، وہ اگر پیرس میں پندرہ لاکھ کی تعداد میں جمع ہو سکتے ہیں تو ہم بھی کراچی، لاہور، فیصل آباد،اسلام آباد،کوئٹہ ،انقرہ،استبول،کابل ،ملائشیا،سوڈان میں کروڑوں کی تعداد میں نکل سکتے ہیں۔اگر یہ امت اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی حرمت پر نہیں کٹ مر سکتی تو اس امت کا کوئی فائدہ نہیں، مومن اور مسلمان کے لیے اس سے بڑی منافقت کیا ہو سکتی ہے کہ وہ نبیصلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی پر خاموش رہے، ہم جذباتی لوگ نہیں ہم امن چاہتے ہیں مکالمہ کرنا چاہتے ہیں مگر امن چاہنے کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرے اور ہم خاموش رہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جمعہ اور اتوار کوپورا پاکستان سراپا احتجاج بن جائے اوراس احتجاج میں صدرمملکت، وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوں، ریلی کی قیادت کریں، یہ پارٹی اور سیاست کا مسئلہ نہیں یہ امت کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، مغربی لابی عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو پاگل پن سمجھتی ہے یہی پاگل پن ہماری زندگی کا حاصل ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.