18 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:28
پیٹرول بحران، دو وفاقی وزرا کا حکومتی نا اہلی کا اعتراف
جیو نیوز - لاہور......... پٹرول کے حوالے سے ملک میں عوام کو جس بحران کا سامنا ہےاس میں اس بار کچھ تبدیلی ہے۔وہ تبدیلی یہ ہے کہ کم از کم دو وزراء نے حکومتی نااہلی کا اعتراف کیا ہے جب کہ متعلقہ وزیر نے مستعفی ہونے کی پیش کش کردی ہے۔ پٹرول کے لیے خوار ہونے والے عوام کی پریشانی دیکھ کر ایک اور وزیر نے خاموشی توڑ دی ۔ خواجہ سعد رفیق نے بھی حکومت کی نااہلی قبول کرتے ہوئے وزارت پٹرولیم کو بحران کا ذمہ دار قرار دیاہے ۔ خواجہ سعد رفیق نہ صرف عوام کی پریشانی پر شرمندہ ہیں بلکہ بحران پر دی جانے والی وضاحتیں قبول کرنے کو بھی تیار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزراء ان حالات میں کس طرح سکون سے بیٹھ سکتے ہیں، ریلوے کے پاس تو کوئی کمی نہیں ۔اس سے پہلے چودھری نثار بھی واضح الفاظ میں حکومت کی نااہلی قبول کرچکے ہیں جن کا کہنا تھاکہ عوام کو دیکھ کر شرم آتی ہے ۔ معاملہ کابینہ میں اٹھائے جانے سے پہلے ہی دو وزرا اپنا فیصلہ سناچکے، تاہم وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو انتظار ہے تو قصور ثابت ہونے کا۔ وزیراعظم نے بھی پٹرول کی قلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بحران کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ گزشتہ روز وفاقی سیکریٹری پٹرولیم عابد سعید، ایڈیشنل سیکریٹری نعیم ملک ، ڈی جی آئل محمد اعظم اور پی ایس او کے ایم ڈی امجد جنجوعہ کو فوری معطل کردیاتھا۔