18 جنوری 2015
وقت اشاعت: 21:44
کراچی:24گھنٹوں میں 5 پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ
جیو نیوز - کراچی......کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 5پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ، ایک بار پھر رواں ماہ میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں تیزی آگئی ہے اور اب تک 16پولیس اہلکاروں کو چن چن کر قتل کیا جا چکا ہے۔ ناظم آباد نمبر 3 میں مسجد و امام بارگاہ نورالاایمان کے باہر تعینات 2 پولیس اہلکاروں پرموٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے دونوں اہلکار جاں بحق ہوگئے، جن کی شناخت عبدالغفور اور فاروق کے نام سے ہوئی ۔اہلکاروں کی نماز جنازہ گلبرگ میں واقع ڈی آئی جی ویسٹ دفتر میں ادا کی گئی۔ اس سے قبل ہفتے کی شب ملیر ہالٹ کے قریب ہفتہ وار بازار کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار جاوید علی کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ۔ لیاری کے علاقے موسیٰ لین میں بغدادی تھانے کی 15پولیس چوکی کے نام سے مشہور چیک پوسٹ پر ملزمان نے فائرنگ کردی، اورچوکی پر تعینات اہلکار نیاز حسین اور سعید موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ تواتر سے 24گھنٹوں کے دوران ہونے والے وارداتوں میں چھوٹے ہتھیار استعمال کیے گئے اور تمام ملزمان موٹرسائیکلوں پر آئے اور ٹارگٹ کلنگ کے با آسانی فرار بھی ہوگئے۔ اعداد و شمارکے مطابق جنوری کے ابتدائی دنوں میں اب تک 16 پولیس اہلکار قتل کیے جاچکے ہیں جن میں 14پولیس کانسٹیبل اور 2ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں۔