تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:23

پاکستان میں مزدور تحریک مشکلات اورکشمکش کا شکار ہے:سراج الحق

جیو نیوز - کراچی.......جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سرج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں مزدور تحریک مشکلات اورکشمکش کا شکار ہے، مزدورں کا استحصال کیا جارہا ہے اور ملک میں جبر اور ظلم کا ٹھیکیداری نظام مسلط ہے، مزدور کی کم از کم تنخواہ پر عمل نہیں کیا جارہا ہے، جماعت اسلامی نے ہر موقع پر مزدور تحریک کا ساتھ دیا ہے،مزدور اور محنت کش معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ، ان کو نظر انداز کرکے ملک کی معیشت کو بہتر نہیں بنایا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ ( وی ٹرسٹ ) کے بورڈ آف ٹرسٹیز اور مزدور ںکے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ٹرسٹ کے چیئرمین پروفیسر شفیع ملک نے ٹرسٹ کی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وی ٹرسٹ آجر اور اجیر کے درمیان بہتر تعلقات اور ملک کی تعمیروترقی کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ سراج الحق نے کہا کے ملک کے پسے ہوئے طبقات کو جماعت اسلامی کی حمایت اور مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران انتہا پسند ہیں، وی آئی پی کلچر کی بنیاد پر لوگوں کا حق مارنا بھی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی ایجنڈا پیش کیا ہے، عوام نے اگر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو ہم پاکستانی زبان کو رائج کریں گے، جس میں سول سروس کا امتحان بھی قومی زبان میں ہوگا ،ہاری مزدور کسان کا بیٹا ایک ہی اسکول میں پڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا پیغام مخلوق کو خالق سے جوڑنا ہے، بحیثیت مسلمان اور نبی اکرمﷺ کے امتی کے ہمارا فرض ہے کہ ہم سنت کا اہتمام کریں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں حلال آسان اور حرام مشکل ہو، حکمرانوں کی اصلاح کے بغیر معاشرہ نہیں سدھر سکتا،ہمیں کئی طرح کی دہشت گردی کا سامنا ہے جس میں سیاسی اور معاشی دہشت گردی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی الیکشن کے ذریعے پرامن انقلاب لانا چاہتی ہے مزدور برادری مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ترقی اور خوشحالی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، سیکریٹری عبد الوہاب، ٹرسٹ کے وائس چئیرمین رانامحمود علی خان، سیکریٹری احمد خان، ٹرسٹی برجیس احمد، زاہد عسکری،شمس الدین خالد ایڈوکیٹ، عطا محمد تبسم ،شاہد ایوب، ضیا الحق گیلانی، ریاض عالم اور سلمان اشرف بھی شریک تھی جبکہ ٹرسٹ کی جانب سے سراج الحق کے اعزاز میں دئے گئے ظہرانے میں ایمپلائرز کے نمائندوں کے علاوہ نیلاٹ کے سابق ڈائریکٹر جنرل حاکم علی شاہ بخاری ، معروف مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی ، ملک رفیق ایڈوکیٹ اور اسٹیٹ بینک یونین کے صدر لیاقت ساہی بھی موجود تھے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.