تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 جنوری 2015
وقت اشاعت: 21:21

پٹرول بحران کا پہلا ذمہ دار میں ہوں ،شاہد خاقان

جیو نیوز - اسلام آباد ......وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پٹرول بحران پر سب سے پہلا ذمہ دار میں ہوں ،عوام کو اس حوالے سے ہونیوالی تکلیف پر شرمندہ ہیں،اگرکوتاہی ہوئی ہے تو حاضر ہوں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لاہور اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں پٹرول کی سپلائی بڑھادی ہے ،اسی ہفتے مسئلہ حل ہو جائے گا، وہ پٹرول کی قلت کے باعث عوام کو پہنچنے والی تکلیف پر شرمندہ ہیں ، پٹرول کی کمی کا مسئلہ زیادہ طلب کی وجہ سے پیش آیا،مستقبل میں ایسی صورت حال سے بچنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ بنیادی طور پر مسئلہ پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے طلب بڑھنے سے پیش آیا ، پٹرول کا کم از کم ذخیرہ یقینی بنانا اوگرا کی ذمہ داری تھی، تحقیقات میں میری کوتاہی ثابت ہوئی تو مستعفی ہو جاؤں گا ۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ وزیر اعظم نے پٹرول کی قلت اور پی ایس او کے گردشی قرضوں کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ، پنجاب میں پٹرول کی قلت کی بنیادی وجہ سی این جی کا بند ہو نا لگتا ہے ، اس کے علاوہ پارکور یفائنری 5دن بند رہی اور پی ایس او کی ایک شپمنٹ بھی 6روز لیٹ ہوئی ۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اب الحمدوللہ لاہور ،روالپنڈی اور اسلام آباد کی سپلائی بڑھ گئی ہے،پٹرول کے موجودہ بحران سے آپریشن ضرب عضب بالکل متاثر نہیں ہو گا ، تیل کا اسٹریٹیجک اسٹاکس موجود ہیں ۔ انہوں نے خوش خبری دی کہ یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 5روپے فی لیٹر سے زائد کمی ہو گی ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.