20 جنوری 2015
وقت اشاعت: 15:12
لاہور: پٹرول بحران نے عوام کو ناکوں چنے چبوا دیئے
جیو نیوز - لاہور.........لاہور میں پٹرول بحران نے عوام کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔ ہر طبقہ پریشان ہے۔ گاڑیوں، موٹرسائیکلوں میں پٹرول ختم ہونے سے بچے پیدل ہی اسکول کا رخ کرنے لگے۔ کچھ نے سائیکلیں خرید لیں۔ رکشا اور ویگن ڈرائیورز نے سسٹم ایل پی جی پر کنورٹ کر لیا۔ لاہور میں پٹرول کی قلت نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ ہر شخص پٹرول کے لئے دربدرہے۔ تنگ آکر لوگوں نے گاڑیاں گھر کھڑی کیں اور اپنے کام پیدل ہی نمٹانے لگے۔ کئی افراد بلیک میں مہنگے داموں پٹرول خرید نے پر مجبور ہیں۔ رکشا اور ویگن ڈرائیورز نے پٹرول بحران سے نمٹنے کا حل نکال لیا اور اپنا رخ کیا ایل پی جی کی جانب۔ دکاندار بھی خوش ہیں ان کا کہنا ہے کہ مانگ بڑھنے سے ایل پی جی کا کاروبار چمک اٹھا۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اب دعووں اور وعدوں سے باہر نکلے، پٹرول بحران کے حل کے لئے عملی اقدامات کرے تاکہ انہیں بھی سکون نصیب ہو۔