20 جنوری 2015
وقت اشاعت: 17:46
ملک میں نہ بجلی ہے، نہ پانی، نہ گیس، بس جمہوریت ہے: فاروق ستار
جیو نیوز - اسلام آباد........ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی ہے، پانی ہے، نہ گیس،بس جمہوریت ہے، کراچی میں تو پٹرول بحران حکومت نے خود پیدا کرایا۔ اے این پی کے افرا سیاب خٹک کا کہنا ہے کہ حکومت اپنی نااہلی تسلیم کرے۔ وفاقی وزیر خرم دستگیر کہتے ہیں کہ حکومت پٹرول کی کھپت بڑھنے کا اندازہ ہی نہیں لگا سکی۔ اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پٹرول کے بحران پر متعلقہ وزراء سے استعفے لے کر اعلیٰ سطح کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانی چاہیے ،کراچی میں پٹرول کا بحران جان بوجھ کر پیدا کرایا گیا ،ملک میں پہلے ہی بجلی نہیں تھی گیس کے بھی لالے پڑے تھے۔اے این پی کے رہنما افرا سیاب خٹک کا کہنا ہے کہ اپنی نااہلی کی ذمہ داری کوسازش قرار دینا کسی صورت درست نہیں، پیٹرول کے بحران نالائقی ہے اس کی ذمہ داری کسی کو نہیں دے سکتے ،سوائے اپنے آپ کو۔پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پٹرول سستا ہونے سے اجالوں کی بجائے اندھیرے ہیں،پٹرول کرائسز نے ہمیں اجالوں کی بجائے اندھیروں میں ڈال دیا۔وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کا کہنا ہے یہ حقیقت ہے کہ حکومت کو پٹرول کا استعمال بڑھنے کا اندازہ نہیں تھا، اس وقت لوگ اپنی ضرورت سے زیادہ پٹرول خرید رہے ہیں۔سیاسی رہنما خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ عوام کہیں بنیادی سہولتیں نہ ملنے کو موجودہ جمہوری نظام کی ناکامی ہی نہ سمجھ بیٹھیں۔