تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
21 جنوری 2015
وقت اشاعت: 13:17

ملک کے کئی علاقوں میں برف باری اور بارش

جیو نیوز - اسلام آباد.......... ملک کے کئی علاقوں میں برف باری اور بارش نے موسم تو خوبصورت کردیا مگر سردی بھی کافی بڑھ گئی۔ کئی علاقوں میں گرم لباس پہنے چھتری لیکر نکلنے والے لوگوں کو گرجتے،برستے بادلوں کا سامنا ہے۔ کہیں برف باری تو کہیں برکھارت نے موسم کو سرد اور دلفریب بنادیا ہے۔ بلوچستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی موسم سرما کی برف باری اور بارش سے موسم کافی حد تک ٹھنڈا ہوگیاہے۔ چمن میں زیارت، کان مہترزئی اور خانوزئی میں برف باری اور ٹھنڈی یخ ہوائیں خون جمارہی ہیں ۔ کوژک ٹاپ پر شدید برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ آمدورفت کےلئے بند ہو گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔گرما گرم چائے اور قہوے کے ہوٹلوں پر لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ کئی جگہ لوگ لکڑیاں جلا کر ہاتھ سینکتے نظر آ رہے ہیں ۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں رم جھم اور کبھی تیز بارش سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔بارش کے ساتھ ساتھ ٹھنڈی ہواؤں کا بھی راج ہے ۔ سندھ کے شہروں میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے،مختلف شہروں میں ابر آلود موسم کو شہری خوب انجوائے کر رہے ہیں۔ شمالی وزیرستان کے شہروں میں برف باری اور برسات سے سردی بڑھ گئی،جلانے کی لکڑی کی قیمت 400 من سے بڑھ کر 800 من تک پہنچ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد،پنجاب،خیبر پختونخوا،بلوچستان،سندھ ،گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ موسم کی خرابی کے باعث رواں ہفتے گلگت بلتستان ،چترال اور اسکردو کے لئے فضائی آمدورفت متاثر ہونے کا امکان ہے ۔آج سب سے کم درجہ حرارت پاراچنار میں منفی 09 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.