21 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:42
قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد:سندھ نے وفاق سے فنڈز مانگ لیے
جیو نیوز - اسلام آباد...... وزیر اعلیٰ سندھ نے انسداد دہشت گردی قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے وفاق سے فنڈز طلب کر لیے،مدارس کے معاملات کی نگرانی کے لیے چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں شریک ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کا بجٹ پولیس کو سہولیات کی فراہمی، اسلحہ اور گاڑیوں کی خریداری پر خرچ ہو چکا ہے، انسداد دہشت گردی قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے سندھ کو مزید فنڈز دیے جائیں۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے قومی مالیاتی کمیشن کے تحت فنڈز کی تقسیم پر بھی تحفظات ظاہر کیے اور شکوہ کیا کہ سندھ کو پورا حصہ نہیں ملا ۔ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ سندھ کے وزیر خزانہ سے مل کر ان مسائل کو حل کریں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد میں کوئی رکاوٹ آڑے نہیں آنے دی جائے گی اور ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں 20 لاکھ افراد غیر قانونی طور پر مقیم ہیں ، وفاقی حکومت اور مسلح افواج ان کے خلاف کارروائی کے لیے مدد کریں ۔ وزیر اعظم اور آرمی چیف نے انہیں اس حوالے سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرا دی ۔ یہ بھی طے پایا کہ سندھ میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانون نافذ کرنے والے وفاقی ادارے بھی سندھ پولیس کی مدد کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مدارس کی رجسٹریشن،فنڈنگ،نصاب اور دیگر معاملات کی مانیٹرنگ چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز پر مشتمل کمیٹی کرے گی۔ یہ کمیٹی وفاقی وزیر داخلہ کو رپورٹ پیش کیا کرے گی۔