21 جنوری 2015
وقت اشاعت: 19:14
وادی کوئٹہ : پہلی برف باری ، موسم مزید سرد
جیو نیوز - کوئٹہ .......وادی کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری شہریوں کے لئے نوید تو لائی ، مگر اِس سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ ایسے میں شہریوں کو مختلف مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔موسم سرما کی پہلی برف باری سے تو جیسےاہل کوئٹہ کی دلی مراد پوری ہوگئی، اچانک اورغیر متوقع برف باری سے ان کے چہرے کھل اٹھے،انہوں نے آسمان سے برستے سفید گولوں کو خوب انجوائے کیا، دوست یار اس صورتحال سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ سردی بڑھی تو اس کا فوری توڑ بھی نکل آیا ،گرما گرم یخنی اور سُوپ اور مچھلی ، پکوڑوں اور سموسوں کی دکانوں پرلوگوں کا رش نظر آیا۔دوسری جانب کوئٹہ میں ہو نے والی برف باری سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا،مگر ایسے میں مسئلہ وہی پرانا کہ کہیں بجلی غائب تو کہیں سوئی گیس پریشر میں کمی،جس سے لوگوں کو مسائل کا سامنا کرناپڑا۔ وادی کوئٹہ اور شمالی بلوچستان میں سردیاں ہوں اور برف باری نہ ہو تو ایسا نہیں ہوسکتا،مگر اس سخت ٹھنڈے موسم میں گیس اور دیگر سہولتیں میسر ہوجائیں تو شہریوں کو مزے ہی آجائیں ۔