21 جنوری 2015
وقت اشاعت: 20:2
ایک سال گزرنے کے باوجودملیر پندرہ کے دوپل اب تک نامکمل
جیو نیوز - کراچی ......کراچی میں ملیر ہالٹ اورملیر 15میں دو پلوں کا گزشتہ سال آغاز ہوا اور انہیں مکمل کرنےکادعویٰ بھی کیا گیا۔لیکن دونوں پل فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہیں اورعوام منٹوں کاسفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں ،اب ایڈمنسٹریٹر کراچی نے نیا دعویٰ کیا ہے کہ دونوں پل چھ ماہ میں مکمل کر والیئے جائیں گے۔ شہر میں دو نئے پل تعمیر ہورہے ہیں، یہ بات ہے گزشتہ سال کی ، اب نیا سال ہے لیکن منصوبے وہی پرانے ۔ واضح رہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ان پلوں کی تعمیر ی صورتحال کا دورہ کیا ، فنڈ ز کی کمی کا رونا رویا اور تین ماہ میں ایک پل کو مکمل کرنے کا دعویٰ کردیا۔ ملیر 15پر تعمیر کیے جانے والے فلائی اوور کی نظر ثانی شدہ لاگت کا تخمینہ 99کروڑ 7لاکھ روپے جبکہ ملیر ہالٹ فلائی اوورکی لاگت کا تخمینہ52کروڑ 90لاکھ روپے ہے۔دونوں منصوبے چھ سے نوماہ میں مکمل کیے جانے تھے مگر اب 2014 گزر گیا اور 2015 شروع ہوگیا ہے اور صورتحال اب بھی وہی ہے۔ شہر میں شاہین کمپلیکس فلائی اوور،مادر جمہوریت انڈرپاس، سرسید چورنگی ناظم آباد فلائی ا وور پر بھی کام شروع ہوناتھامگرمتعلقہ اداروں اور حکام کی عدم دلچسپی کے باعث ان منصوبوں پر بھی کام شروع نہیں ہوسکا۔ فنڈز کی عدم دستیابی ایک بار پھر ملیر ہالٹ اور ملیر 15 کے پلوں کے آڑے آگئی ہے ،جہاں عوام کو شدید سفری اور دیگر مشکلات کا سامنا ہے وہیں ایڈمنسٹریٹر کراچی کا یہ دعوی ہے کہ جلد ان دونوں پلوں کی تعمیر مکمل کروالی جائے گی۔