تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
17 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 18:20

بھارتی خلاف ورزیوں پرسلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھ دیا، مشیر خارجہ

جیو نیوز - اسلام آباد.......مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سینیٹ میں بیان دیا ہے کہ بھارتی خلاف ورزیوں پرسلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھ دیا، کہا مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ بھارتی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے صدر کو بھارتی سرحدی خلاف ورزیوں پر خط لکھ کر اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے، افغانستان سے پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت بھی اقوام متحدہ میں پیش کریں گے۔ مشیر خارجہ کے پالیسی بیان کو روایتی قرار دیتے ہوئے اپوزیشن نے سینیٹ سے علامتی واک آؤٹ کیا۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سینیٹ میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ 9 سے 12 ستمبر تک دوطرفہ مذاکرات میں بھارت نے سرحدی خلاف ورزیوں کی انکوائری کا مطالبہ نہیں مانا، بھارت ایل او سی پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے، سلامتی کونسل کے صدر کوخط لکھا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیز ی کا نوٹس لیا جائے۔

سرتاج عزیز نے بتایا کہ امریکا کو بھی احساس دلایا ہے کہ بھارت کے ساتھ اس کے دفاعی معاہدوں سے خطے میں عدم توازن پیدا ہوگا، اقوام متحدہ میں ہر معاملے پر بات کریں گے، افغانستان سے پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت بھی پیش کریں گے، دسمبر تک قومی اہداف کا تعین کردیا جائے گا، مسئلہ کشمیر پر اسلامی کانفرنس تنظیم کے رابطہ گروپ کی حمایت حاصل ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں عدم مداخلت کی پالیسی اختیار کررکھی ہے اور طالبان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی ہیں، افغان حکومت کے کہنے پر طالبان سے امن مذاکرات میں کردار ادا کیا، افغان سرحد کے ساتھ بائیو میڑک سسٹم نصب کررہے ہیں۔ مشیر خارجہ کے پالیسی بیان کو روایتی قرار دیتے ہوئے اپوزیشن ارکان نے علامتی واک آؤٹ بھی کیا ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.