19 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 17:31
کراچی میں گرمی کی لہر، 2 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے
جیو نیوز - کراچی........کراچی میں آگ لگاتی گرمی پھر لوٹ آئی،شہر میں ہیٹ اسٹروک سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔کراچی میں آج ماہِ ستمبر کا گرم ترین دن رہا، پارا 42درجے کو چھو گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے درجہ حرارت میں کمی آنے لگی، رات تک مزید کم ہونے کا امکان ہے۔
کراچی میں ایک مرتبہ پھر سورج آگ برسانے لگا ہے اور درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ گیا۔ گرمی کی وجہ سے متاثرین کو بروقت طبی امداد پہنچانے کے لئے محکمہ صحت نے شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں اور ہیٹ اسٹروک سینٹرز بھی قائم کردیے گئے ہیں۔
گرمی کی شدید لہر کے باعث 8متاثرہ افراد کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد کے لیے لایا گیا۔۔واضح رہے کہ جون میں کراچی میں شدید گرمی کے نتیجے میں 18سو سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ بحیرۂ عرب میں موجود ہے،جس کی وجہ سے شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں۔ علاقے کو سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں کی گرم ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ شدید گرمی کی لہر اتوار اور پیر کو بھی برقرار رہے گی تاہم پیر کی رات سے درجہٓ حرارت معمول پر آجائے گا۔