تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
20 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 13:0

کامرہ ایئر بیس، پی این ایس مہران کے بعد بڈھ بیر کیمپ پر حملہ

جیو نیوز - کراچی......حافظ محمد نعمان......اٹھارہ ستمبر دو ہزار پندرہ کی صبح، جمعے کا دن، لوگ نماز فجر کی تیاریوں میں مصروف تھے کہ اچانک 14 مسلح حملہ آوروں نے دھاوا بول دیا۔

واقعہ ہے پشاور میں واقع فضائیہ کے بڈھ بیر کیمپ کا جہاں 14 مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے 29 افراد کو شہید اور 29 کو زخمی کردیا۔ کوئیک رسپانس فورس نے فوری جوابی کارروائی کرکے تمام چودہ حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔

دہشت گردی کے واقعے میں جام شہادت نوش کرنے والوں میں سے 23 کا تعلق پاک فضائیہ سے تھا جبکہ پاک آرمی کا ایک کیپٹن اور دو اہلکار بھی اس واقعے میں شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانسٹیبلری کی یونیفارم میں ملبوث حملہ آور انقلاب روڈ پر واقع ایک بغیر نمبر پلیٹ گاڑی کے ذریعے آئے اور ایئرفورس کے کیمپ پر دو اطراف سے داخل ہوکر دو گروپوں میں بٹ گئے اور پھر مین گیٹ پر فائرنگ کرتے ہوئے دستی بم حملہ کیا۔

ایک گروپ نے گارڈ روم کو نشانہ بنایا جبکہ دوسرے نے کیمپ میں قائم مسجد میں داخل ہوکر 16 نمازیوں اور قریب ہی واقع بیرک میں موجود 7 افراد کو شہید کیا۔ ان سب شہداء کا تعلق فضائیہ سے تھا۔

کوئیک رسپانس فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام حملہ آوروں کا صفایا کردیا تاہم حملہ آوروں سے فائرنگ کے تبادلے میں بری فوج کے کیپٹن اسفند یار سمیت تین فوجی شہید ہوگئے۔ جام شہادت نوش کرنے والوں میں تین سویلین بھی شامل ہیں جن کا تعلق پاک فضائیہ سے تھا۔

دہشت گردی کے اس واقعے نے پچھلے چند واقعات تازہ کردئیے جن میں قابل ذکر کامرہ ایئر بیس، پی این ایس مہران، کراچی جناح ایئرپورٹ، آرمی پبلک اسکول اور جی ایچ کیو پر ہونے والے حملے شامل ہیں۔

کامرہ ایئر بیس پر حملہ
کامرہ ایئربیس جسے منہاس ایئر بیس کے نام سے جانا جاتا ہے، پنجاب کے ضلع اٹک میں واقع ہے۔ یہ ایئربیس شہید پائلٹ آفیسرراشد منہاس (نشانِ حیدر) کے نام سے منسوب ہے۔ دس دسمبر دوہزار سات کو ایک خودکش حملہ آور نے اسکول بس کو نشانہ بنایا جس میں سوار بچوں میں سے سات بچے زخمی ہوگئے۔

یہ بس پی اے ایف کے ملازمین کی تھی اور دہشت گردی کا یہ واقعہ پیش آیا کامرہ میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کے باہر فوجی گیٹ پر۔

اٹھارہ جنوری دوہزار آٹھ کو حملہ آوروں نے چار راکٹ فائر کئے جن میں سے ایک راکٹ سینئر نان کمیشنڈ آفیسرز کی میس سے جاٹکرایا جبکہ دو راکٹ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس میں قائم معراج ریبلڈ فیکٹری میں گرے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

16 اگست 2012 کو 9 حملہ آوروں، جن کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے تھا، نے رات 2 بجے کے قریب منہاس ایئربیس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 پاکستانی سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ تمام حملہ آور مارے گئے۔

اس حملے میں صاب 2000 طیارہ تباہ ہوگیا جبکہ ایک یا دو طیاروں کو نقصان پہنچا۔

پی این ایس مہران پر حملہ
بائیس مئی دوہزار گیارہ کو تحریک طالبان پاکستان اور القاعدہ نے پی این ایس مہران پر حملہ کردیا۔ پی این ایس مہران پاکستا ن نیوی کے نیول ایئر آرم کا ہیڈ کوارٹر ہے جہاں سب سے زیادہ پاک فوج کی تنصیبات موجود ہیں۔

پی این ایس مہران کراچی میں پی اے ایف کے فیصل ایئرفورس بیس کے قریب واقع ہے۔ اس واقعے میں 15 حملہ آوروں نے 18 فوجی اہلکاروں کو شہید جبکہ 16 کو زخمی کردیا تھا۔ حملے میں دو امریکی ساختہ پی۔3سی آرین سرویلینس طیارے تباہ ہوئے۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی پاکستان نیوی کے اسپیشل سروس گروپس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ حملہ آوروں کے ساتھ تقریباً 16 گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا اور تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا۔

کراچی جناح ایئرپورٹ پر حملہ
آٹھ جون دوہزار چودہ کو 10 حملہ آوروں نے خود کار اسلحہ سمیت کراچی کے جناح ایئرپورٹ پر دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں کے پاس خودکش جیکٹس اور دستی بم بھی موجود تھے۔

حملے میں 26 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ تمام دس کے دس حملہ آور بھی مارے گئے۔ حملے میں 18 افراد زخمی بھی ہوئے۔ تحریک طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملہ
دسمبر 2014ء کو 7 حملہ آور ایف سی (فرنٹیئر کور) کے لباس میں ملبوس پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں پچھلی طرف سے داخل ہوگئے اور ہال میں جا کر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس کے بعد کمروں کا رخ کیا اور وہاں پر بچوں کو گولیاں ماریں، سربراہ ادارہ کو آگ لگائی۔حملہ آوروں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔

9 اساتذہ ، 3 فوجی جوانوں کو ملا کر کُل 144 افراد شہید اور 113سے زائد زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والے 132 بچوں کی عمریں 9 سے 18 سال کے درمیان تھیں۔ پاکستان آرمی نے 950 بچوں و اساتذہ کو اسکول سے بحفاظت نکالا۔ ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ 6 مارے گئے۔یہ پاکستانی تاریخ کا مہلک ترین دہشت گردانہ حملہ تھا۔

جی ایچ کیو پر حملہ
10 اکتوبر 2009ء کو فوجی وردی میں ملبوث 10 حملہ آوروں نے بھاری ہتھیاروں کے ساتھ ایک چیک پوائنٹ کو نشانہ بنایا۔ حملے میں پانچ حملہ آور ہلاک جبکہ 6 فوجی شہید ہوئے جن میں آرمی کے ایک بریگیڈ اور ایک لیفٹننٹ کرنل شامل تھے۔

اس حملے کے فوری بعد حملہ آوروں نے 42 افراد کو جی ایچ کیو کے قریب ایک عمارت میں یرغمال بنالیا۔ یرغمالیوں میں سویلین اور سینئر فوجی اہلکار بھی شامل تھے۔

پاکستان آرمی نے ’’آپریش جانباز‘‘ کے نام سے یرغمالیوں کو چھڑانے کیلئے آپریشن کیا۔ آپریشن کی قیادت ایس ایس جی کی ٹیموں نے کی۔

پاکستانی فوج نے پہلے ہی فیز میں عمارت کو خالی کرالیا۔ 20 فوجیوں اور سویلین یرغمالیوں کو آزاد کرالیا گیا۔ بعد ازاں دیگر 22 یرغمالیوں کو بھی پاکستان آرمی کی اسپیشل فورس اور ایس ایس جی ڈویژن نے چھڑالیا۔

اس دوران 2 کمانڈوز اور3 یرغمالی ،جن میں ایک فوجی اور 2 سویلین شامل تھے، جاں بحق ہوئے جبکہ 4 حملہ آور بھی مارے گئے۔ بعد میں 3 زخمی کمانڈوز زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوئے۔ ایک حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

گرفتار کئے گئے حملہ آور کے قبضے سے بھی 5 یرغمالیوں کو آزاد کرایا گیا۔ حملہ آور کی شناخت محمد عقیل عرف ڈاکٹر عثمان کے نام سے ہوئی جو سری لنکن ٹیم پر حملے کا ماسٹر مائنڈ بتایا جاتا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.