20 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 14:4
ریٹنگ میں دھاندلی، فائدہ ایکسپریس کو ہوا، انٹرنیشنل آڈیٹر کی تصدیق
جیو نیوز - اسلام آباد......ریٹنگ میں دھاندلی، فائدہ ایکسپریس کو ہوا، انٹر نیشنل آڈیٹر نے میڈیا لاجک کی شکایت کی تصدیق کردی،شو کاز نوٹس کی شنوائی میں ایکسپریس کی غیر حاضری پر پی بی اے نے انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے جواب داخل کرنے کے لیے مزید 10 دن کی مہلت دے دی۔
پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہفتے کے روز ہوا۔ ریٹنگ کمپنی میڈیا لاجک کی جانب سے ایکسپریس چینل کے خلاف جعل سازی کرکے ریٹنگ بڑھانے کی شکایت کے بعد سے بورڈ کا یہ پانچواں اجلاس تھا۔ گزشتہ اجلاسوں میں پی بی اے کے بورڈ نے غیر جانب دار بین الاقوامی آڈیٹر سے ایکسپریس کے خلاف میڈیا لاجک کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
ہفتے کو ہونے والے اجلاس کا مقصد یہ تھا کہ سب سے پہلے آزاد آڈیٹر کو سنا جائے اور بورڈ کے اراکین اور ملزم ایکسپریس کو اس سے سوالات پوچھنے کا موقع دیا جائے۔ دوسرا مقصد یہ تھا کہ شو کاز سے متعلق کارروائی کی سماعت کی جائے اور جعل سازی کے الزام پر کسی فیصلے تک پہنچا جائے ۔
انٹرنیشنل آڈیٹر رابرٹ رُڈRuud نے بورڈ کو بتایا کہ ایکسپریس سمیت تمام چینلوں کے گزشتہ آٹھ ماہ کے ڈیٹا کا آڈٹ کیا گیا۔ اس ڈیٹا میں 6 ہزار ناظرین کی نمائندگی اور ایک کروڑ بیس لاکھ ڈیٹا پوائنٹس شامل تھے۔ آڈیٹر تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ ایکسپریس چینلز کے حق میں جعل سازی کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
اگرچہ رابرٹ رڈ، بورڈ کے سامنے پیش ہوئے ، اپنی رپورٹ کے مختلف پہلوئوں کی وضاحت کی اور اراکین کے سوالوں کے جواب دیے لیکن ایکسپریس نیوز کے سلطان لاکھانی کی عدم موجودگی کی وجہ سے شو کاز کی کارروائی کسی نتیجے تک نہ پہنچ سکی۔ سلطان لاکھانی نے جواب داخل کرنے کے لیے ایک ای میل کے ذریعےمزید وقت اور مزید دستاویزات مانگی ہیں ۔ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے پی بی اے کے بورڈ نے ایکسپریس نیوز کو جواب داخل کرنے اور بورڈ کے سامنے پیش ہونے کے لیے مزید دس دن کی مہلت دے دی ہے ۔
بورڈ نے پی بی اے سے ایکسپریس نیوز کی رکنیت کی معطلی کی مدت بھی شو کاز کی کارروائی کے اختتام تک بڑھادی ہے ۔ پی بی اے کے بورڈ نے تمام فیصلوں کی منظوری متفقہ طور پر دی۔ رابرٹ رڈ، ناروے کی میڈیا بزنس ایسوسی ایشن کے ٹیکنیکل ایڈوائزر ہیں اور ناروے میں Television Audience Measurement یا ٹی اے ایم میٹر متعارف کرانے میں ان کا مرکزی کردار رہا ہے۔
رابرٹ رڈ نے اوسلو یونی ورسٹی سے سوشل سائنس میں ماسٹرز کیا ہے ۔ وہ رومانیہ ، ناروے ، لبنان ، متحدہ عرب امارات ، پولینڈ ، یوکرین ، روس ، سوئٹزرلینڈ ، ڈنمارک ، جمہوریہ چیک ، بلغاریہ ، کروشیا ، جنوبی افریقا اور پاکستان میں ٹی اے ایم آڈٹس کرنے اور مشاورت کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔