21 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 3:47
ہتھیار ڈالنے والے نوجوانوں کو ملازمتیں دی جائیں گی، اکبر حسین درانی
جیو نیوز - کوئٹہ.........بلوچستان حکومت نے ہتھیار ڈالنے والے لکھے پڑھے نوجوانوں کو مالی معاونت کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمتیں دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ایسے نوجوانوں کو محکمہ صحت، سماجی بہبود، لبیر، صنعت اور بہبود آبادی میں ملازمتیں دی جائیں گی۔
اس بات کا فیصلہ سیکرٹری داخلہ بلوچستان کیپٹن (ر) اکبر حسین درانی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس پر امن بلوچستان منصوبے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اجلاس کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پر امن بلوچستان منصوبے پر عمل درآمد کے لیے 4کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں، جن میں اسٹرنگ کمیٹی، کوارڈینشن کمیٹی، مانیٹرنگ کمیٹی، اور عملدرآمد کمیٹی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پرامن بلوچستان منصوبے کے تحت پہاڑوں سے اتر کر ہتھیار ڈالنے والوں کی جہاں مالی معاونت کی جا رہی ہے، وہاں ہتھیار ڈالنے والے پڑھے لکھے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں بھی دی جائیں گی۔ اکبر درانی نے بتایا کہ متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کو اس حوالے سے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہیں۔