22 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 3:15
سندھ کے بلدیاتی انتخابات، مسلم لیگ ن کا اتحاد نہ کرنے کافیصلہ
جیو نیوز - اسلام آباد........مسلم لیگ ن نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں کسی سے اتحاد نہ کرنے کافیصلہ کیاہے،وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں کہ ماضی میں سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہوا،اب ایسا نہیں ہوگا۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات اور کراچی آپریشن سمیت اہم صوبائی امور پر صدر اور وزیراعظم کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا ۔ مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما صوبائی حکومت کے خلاف پھٹ پڑے ، شکایت کی کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایاجارہاہے،کارکنوں اور بلدیاتی امیدواروں کو پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیاجارہاہے۔
بعض رہنماؤں نے ایم کیوایم پر بھی تنقید کی اور وزیراعظم سے کہاکہ ایم کیوایم میٹھی چھری ہے،اچھا ہوا کہ مسلم لیگ ن نے اس سے خود ہی رشتہ توڑلیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سندھ کے ہرعلاقے میں خود جاؤں گا اور سیاسی وانتظامی امور کا جائزہ لوں گا،وفاق کے ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنایاجائےگا، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا ۔