26 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 2:59
ریاض: سانحہ منیٰ میں 8پاکستانی شہید ہونے کی تصدیق
جیو نیوز - ریاض.........سانحہ منیٰ میں 8پاکستانی شہید ہونے کی تصدیق ہوگئی۔ اس کے علاوہ زخمیوں کی تعداد 13ہے، 314لاپتہ پاکستانیوں کو بھی اب تک تلاش نہ کیا جاسکا ہے۔ سانحہ منیٰ کو 36گھنٹوں سے زیادہ کا وقت گزر گیا اور پاکستانی حکام اپنے شہریوں کی خیریت سے اب تک لاعلم ہیں۔
سعودی عرب میں پاکستانی سفیر منظور الحق نے 314لاپتہ پاکستانیوں کے میں بارے حتمی معلومات فراہم کرنے کے لیے مزید ڈیڑھ سے 2دن کا وقت مانگ لیا ہے۔
ڈائرکٹوریٹ حج نے انکشاف کیا ہے کہ سانحہ منیٰ کے بعد 300سے زائد پاکستانی شہریوں کا پتہ نہیں چل رہا ہے۔ یہ وہ حجاج ہیں جو رمی جمرات کے لیے اپنے مکتبوں سے چلے تو تھے، لیکن پھر لوٹ کر نہ آئے۔ جیو نیوز سے گفتگو میں ڈائریکٹر حج ابو عاکف نے بتایا کہ پاکستانی حکام نے مردہ خانوں سے کوائف اکھٹا کرنا شروع کردیے ہیں، لیکن انہیں اسپتالوں تک رسائی نہیں دی جارہی ہے۔