26 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 12:36
سید یوسف رضا گیلانی کے بھانجے کی میت ملتان لانے کی کوششیں جاری
جیو نیوز - ملتان.........سانحہ منی میں شہید سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بھانجے اسد مرتضی گیلانی کی میت کو ملتان لانے کی کوششیں جاری ہیں ۔ سابق وزیراعظم سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں ۔
سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے 48 سالہ بھانجے اسد مرتضی گیلانی بھی سانحہ منی میں شہید ہو گئے تھے گزشتہ روز اس بات کی تصدیق ہونے کے بعد سید یوسف رضا گیلانی سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں تا کہ شہید کی میت کو وطن واپس لایا جا سکے ۔
دوسری جانب ملتان میں ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لئے آنے والے افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج صبح پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء مخدوم شاہ محمود قریشی بھی مرحوم کی رہائش گاہ پر پہنچے اور والد سید وجاہت گیلانی سے تعزیت کی ۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سانحہ منی انتہائی افسوس ناک ہے سعودی حکام لاپتہ افراد اور شہید ہونے والوں کی فہرست کو جاری کرے۔