تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 18:59

سانحہ منیٰ، شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تصدیق کا عمل جاری

جیو نیوز - کراچی......سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے پاکستانی حجاج کرام کی تصدیق کا سلسلہ جاری ہے، شہید حجاج کا تعلق ملتان،رحیم یار خان،جھنگ، قمبرشہداد کوٹ، ایبٹ آباداور میرپورآزادکشمیر سے ہے۔

مناسک حج کی ادائیگی کے دوران سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والوں میں 8 سالہ ثمرین بھی شامل ہے۔ ریسکیو کارروائیوں میں بچی کی میت کہیں کھو گئی جبکہ والد زخمی اہلیہ کے ساتھ اسپتال چلے گئے۔ ورثاء بچی کی میت تلاش کررہے ہیں۔

جھنگ سے تعلق رکھنے والے سراج احمد سراج 16 ستمبر کو اپنی اہلیہ گل ناز کے ہمراہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے گئے تھے جو سانحہ منیٰ کے بعد سے تاحال لاپتا تھے تاہم سعودی عرب میں شہداء کی تصاویر دیکھ کر جھنگ کے سراج احمد کو شناخت کرلیاگیا۔

ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے زاہد گل اور ان کی ساس بلقیس بیگم کے اہل خانہ نے دونوں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔ سانحہ منیٰ میں شہید رحیم یار خان کے توصیف افتخارکو سعودی عرب میں سپرد خاک کردیا گیا۔

سانحے میں حج میڈیکل مشن میں شامل قمبرشہداد کوٹ کے ڈاکٹرامیرعلی لاشاری بھی شہید ہوگئے۔لکی مروت سے تعلق رکھنے والی اخترالنسا ء زوجہ نظام الدین کی مکہ میں تدفین کردی گئی۔

میرپورآزاد کشمیر کی نرجس شہناز بھی شہید ہوگئیں۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ نرجس خاتون کا حجازمقدس کا سفران کا آخری سفرثابت ہوا۔سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بھانجے اسد مرتضیٰ گیلانی کی شہادت پرتعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.