تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 14:36

منیٰ حادثے میں لاپتا سیکڑوں پاکستانیوں کا کچھ پتا نہیں چل سکا

جیو نیوز - مکہ.......منیٰ حادثے میں لاپتا سیکڑوں پاکستانیوں کا کچھ پتا نہیں چل سکا، سرکاری ذرائع کے مطابق اٹھارہ پاکستانی شہید ہوئے، حاجیوں کے خاندانوں نے ستائیس پاکستانیوں کے شہید ہونے کی تصدیق کردی۔

منیٰ واقعے میں کئی مسلمان شہید ہوئے اور کئی اب تک لاپتا ہیں،لاپتا حجاج کے گھر والے اپنے پیاروں کی زندگی کے لیے دعائیں مانگ رہے ہیں اور ہر لمحہ ان کی کوشش ہے کہ کسی طرح اپنے پیاروں کی خیریت کی خبر ان کو مل جائے۔

پاک عرب سوسائٹی لاہورکی 32سالہ ردا ایمان سعودی ائرلائن میں ائر ہوسٹس ہیں اور ایک سال سے سعودی عرب میں ہی مقیم ہیں،سانحہ منیٰ کے بعد ردا کا گھر والوں سے کوئی رابطہ نہیں، ان کی والدہ بیٹی کے لاپتا ہونے پر غم سے نڈھال ہیں۔

ردا کے بھائی کا کہنا ہے کہ ٹی وی پر خبر چلنے کے بعد انہوں نے بہن سے رابطہ کرنے کی بہت کوشش کی مگر انھیں ردا کے بارے میں بتانے والا کوئی نہیں۔

فیصل آباد کےعلاقےمدینہ ٹاؤن کے رہائشی خالد رمانی بھی منیٰ واقعے کے بعد سے لاپتا ہیں،ان کی بیوی اور سالی زخمی ہیں،حیدرآباد کےعلاقےعثمان آباد کے رہائشی 85 سالہ اللہ مہرقریشی اور ان کے 52 سالہ بیٹے نصیر احمد کا بھی اب تک کچھ پتا نہیں۔

لطیف آباد نمبر 12 کے رہائشی اطہرعلی خان اور انکی اہلیہ سلمیٰ بیگم بھی لاپتا ہیں۔ ٹنڈوالہٰ یار کے 25 سالہ عنیب کے گھروالے بھی اذیت میں مبتلا ہیں،چکوال کے محمد جعفر امام اورلکی مروت کی بیگم جان زوجہ شہاب بھی منیٰ واقعے کے بعد سے لاپتا ہیں۔

پشاور میں سردار احمد جان کالونی کے شیر افضل،گلبرگ نمبر دو کے عمران گل، ہزار خوانی کےصالح محمد اور بخشو پل کے صلاوت کا بھی تاحال کچھ معلوم نہیں۔ گزرتے وقت کے ساتھ لا پتا حجاج کے اہل خانہ کی پریشانیوں اور کرب میں بھی اضافہ ہورہا ہے،ان کی یہی دعا ہے کہ انہیں اپنے پیاروں کی اطلاع جلدازجلد مل جائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.