30 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 2:43
افغانستان کے مسائل کا حل بات چیت اور تعاون میں ہے، اعزاز چودھری
جیو نیوز - نیویارک.........سیکریٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسائل کا حل دوطرفہ بات چیت اور تعاون میں ہے۔ افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کو تشویش ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کے ساتھ پریس بریفنگ میں کیا اور کہا کہ پاکستان سچے دل سے افغانستان میں امن چاہتا ہے۔
اعزاز چودھری کا کہنا تھا کہ افغانستان کی قیادت سے رابطے میں ہیں، ہماری پوزیشن میں کوئی فرق نہیں ہے۔ امید ہے کہ ان کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسائل کا حل الزام تراشی نہیں ہے۔
سیکریٹری خارجہ اعزاز چودھری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں جامع اصلاحات کا ہامی ہے تاہم ارکان کی تعداد بڑھانے سے اصلاحات کا عمل مکمل نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں میں بھارتی مظالم کے خلاف اضطراب پایا جاتا ہے۔