تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
2 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 12:59

’ڈورن جنگ ‘غیر متوقع طور پر پھیل رہی ہے ،امریکی جریدہ

جیو نیوز - کراچی.....رفیق مانگٹ.....امریکا، برطانیہ،اسرائیل کے بعد پاکستان کی جانب سے بھی ڈورن کا استعمال اس جانب نشاندہی کرتا ہے کہ دنیا میں ’ڈرون جنگ ‘غیر متوقع طور پر پھیل رہی ہے۔

اس حوالے سے امریکی بزنس جریدے ’فورچون ‘ نے تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ” پاکستانی ڈرون ” براق “ کے حملے میں عسکریت پسندوں کی ٹارگٹ کلنگ ثابت کرتی ہے کہ ڈرون جنگ غیر متوقع طور پر پھیل رہی ہے ۔ “ رپورٹ کے مطابق امریکا ،برطانیہ اور اسرائیل کے بعد پاکستان دنیا کاچوتھا ملک ہے جومسلح ڈرون کے ذریعے اپنے ٹارگٹ کوکامیابی سے نشانہ بناسکتا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ اور برطانیہ کے برعکس پاکستانی فوج نے اپنے علاقے میں ہی دشمن کو ختم کرنے کیلئے ڈرون کا استعمال کیا ۔ یہ حملے وزیرستان میں امن و امان قائم کرنے کی پاکستان کی طویل عرصے سے جاری مہم کا حصہ تھے، پاک فوج اگست کے بعد سے عسکریت پسندوں کو وادی شوال سے نکالنے میں مصروف ہے جو(رپورٹ کے مطابق) افغانستان کیلئے ہتھیار اور افرادی قوت کا راستہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق ڈرون حملے”ہائی پروفائل دہشتگردوں“ کیخلاف ہیں، اسے عسکریت پسندوں کی کمر توڑنے اور علاقے کو صاف کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔“

کئی برسوں سے حکومت پاکستان امریکا کی طرف سے شدید دباوٴ کا شکار رہی جو قبائلی علاقے میں زمینی کارروائی کا مطالبہ کرتا رہا تاکہ افغانستان جانے والے عسکریت پسندوں یا جنگجووٴں کے بہاوٴ کو روکا جائے ،پاک فوج کی کارروائی سے عسکریت پسندوں کی بہت زیادہ ہلاکتیں ہوئیں صرف وزیر ستان میں پاک فوج کی کارروائی سے 3 ہزار سے زائد عسکریت پسند ہلاک کر دیئے گئے۔

مستقبل میں ڈرون پاکستانی حکومت کیلئے پرکشش ہتھیار یا آلہ ہو سکتے ہیں ، تاہم زمینی آپریشنز پر خون اورپیسے کو خطرے میں ڈالنے کے بارے میں بھی پاکستان محتاط ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان کی طرف سے مسلح ڈرون کا استعمال اس طرح بھی شروع ہو سکتا ہے کہ ہمسایہ ممالک بھارت اور افغانستان بھی خطرہ محسوس کریں، یہ عمل ان ممالک کی طر ف سے زیادہ جارحانہ کوششیں شروع کراسکتا ہے کہ وہ اپنے ڈرونزتیا ر کریں۔

ایک سطح پر یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ڈرون جنگ غیر متوقع طور پر پھیل رہی ہے۔ چند نے پیشگوئی کی تھی کہ مغربی ممالک کے علاوہ دنیا میں صرف پاکستان ہوگا جو منظم ٹارگٹ کلنگ کیلئے مسلح ڈرونز کا استعمال کرے گا۔خاص طور پراس نفرت کی وجہ سے جو بہت سے پاکستانی امریکی ڈرون حملوں سے کرتے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے اپنے پہلے ڈرون کے استعمال پر داخلی سطح پر ردعمل میں خاموشی ہے جو اس حقیقت کی نشان دہی کرتی ہے کہ ڈرون پر پاکستان میں جو سیاسی تنازع ہے وہ امریکا کی طرف سے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر ہے، ڈرون ٹیکنالوجی سے نہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ”اگرداخلی سطح پر ڈرون جنگیں قابل قبول ہیں تو پاکستان اور دیگر ممالک یہ راستہ اپنا سکتے ہیں کہ طویل عرصے سے جاری عسکریت پسندی ،دراندازی اور سول تنازعات کے حل کیلئے ٹارگٹ کلنگ پروگرام شروع کریں جو قابل عمل اورمقبول ہے۔“

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.