3 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 14:36
پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا میں تنازع، حکومت کا کردار ادا کرنیکا فیصلہ
جیو نیوز - لاہور.......پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے درمیان تین دن سے جاری تنازع میں بالآخر حکومت نے کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر ہوابازی شجاعت عظیم کی جانب سے پالپا کی قیادت کو مذاکرات کی دعوت دے دی گئی ہے۔
پاکستان ایرلائن پائیلٹ ایسوسی ایشن ’’پالپا‘‘ کے سیکریٹری جنرل کیپٹن سہیل احمد نے تصدیق کی ہے کہ ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے مشیرہوابازی شجاعت عظیم سے ملاقات کا دعوت نامہ مل گیا ہے ۔ لائحہ عمل طے کرنے کیلئے پالپا کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس فوری اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے۔
ادھر ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان شیر علی نے جیو نیوز کو بتایا کہ چیئر مین پی آئی اے ناصر جعفر کی سربراہی میں پی آئی اے انتظامیہ کی مشیرہوابازی کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات جاری ہے جبکہ پالپا کی قیادت سے بھی شجاعت عظیم علیحدہ ہی ملاقات کریں گے۔
پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کا موقف سننے کے بعد ایوی ایشن ڈویژن اس بارے میں فیصلہ کرے گی۔ پالپا کے مطابق ان کا احتجاج 60 سال سے زیادہ کی عمرکے پائیلٹوں کی کنٹریکٹ پر بھرتی ، پروموشن بورڈ نہ ہونے اور فلائنگ ڈیوٹی کے اوقات کی پابندی سمیت ورکنگ ایگریمنٹ پر عمل نہ ہونے کے خلاف ہے۔
پالپا کے صدر کیپٹن عامر ہاشمی کا کہنا ہے کہ پالپا نے فلائٹ آپریشن روکا نہیں ہے ۔ پائیلٹ حج پروازوں سمیت تمام پروازیں اڑا رہے ہیں۔پالپا نے صرف اضافی وقت کیلئے پروازیں اڑانے سے انکار کیا ہے ۔ ادھر پی آئی اے ترجمان کے مطابق پالپا کے احتجاج کے باوجود فلائٹ آپریشن خوش اسلوبی سے 95 فیصد معمول کے مطابق جاری ہے ۔