5 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 8:43
پاکستانی فوج کا دنیا کی مضبوط ترین افواج میں گیارہواں نمبر
جیو نیوز - کراچی......رفیق مانگٹ......دنیا کی 20 طاقتور افواج میں سے پاک فوج کانمبر گیارہواں ہے۔ امریکی جریدے ’بزنس انسائیڈر‘ کا کہنا ہے کہ پاکستان آئندہ دہائی میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کی تیسری بڑی ایٹمی قوت ہوگا جبکہ اس فہرست میں بھارت کا پانچواں نمبر ہے۔
امریکی جریدے کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے ایک تھنک ٹینک ”کریڈٹ سوئس“ نے دنیا کی پہلی بیس طاقتور افواج کی درجہ بندی کی ہے جس میں کہا گیا کہ بجٹ اور حجم میں کمی کے باوجود امریکی فوج دنیا کی مضبوط ترین فوج ہے جبکہ روس اور چین اس کے قریب ترین حریف ہیں تاہم 20 ممالک کی فہرست میں کینیڈا سب سے کمزور فوج کا حامل ہے۔
کریڈٹ سوئس نے اپنی رپورٹ میں تقابلی فوجی طاقت کے تعین کے دوران مشکلات کا اعتراف کیا ہے۔ ایک بنچ مارک قائم کرنے کیلئے حتمی اسکور کی درجہ بندی سے قبل چھ مختلف تغیرات کے تحت اسے اسکور دئیے گئے۔
فوجی طاقت اور مضبوطی کے معیار کی درجہ بندی کرتے ہوئے جن عوامل کو شامل کیا گیا ان میں مجموعی اسکور میں فعال فوجی جوانوں کی تعداد کاپانچ فی صد، ٹینکوں کے دس فی صد،جنگی ہیلی کاپٹروں کے پندرہ فی صد ،لڑاکا طیاروں کے 20فی صد، طیارہ بردار کے 25فی صد اور آبدوزوں کے25فی صد اسکور رکھے گئے۔
درجہ بندی کرتے ہوئے خالصتاً دفاعی سازوسامان اور اس کی تعداد کوسامنے رکھا گیا۔ اس میں اسلحے اور تربیت کی صلاحیتوں کو شامل نہیں کیا گیا۔ فہرست پر بعض ممالک کی جگہ کاتعین حیرت انگیز ہے۔اس فہرست میں پاکستان کو گیارہویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کی بڑی افواج میں سے ایک ہے جس کا دفاعی بجٹ سات کھرب31ارب32کروڑروپے( سات ارب ڈالر) ہے۔فعال فوجی جوانوں کی تعداد چھ لاکھ سترہ ہزار ہے۔پاکستان کے پاس2924ٹینک، 914لڑاکا طیارے اور آٹھ آبدوزیں ہیں۔پاکستان کو عشاریہ41اسکورملا جس میں جوانوں کی تعد اد کے عشاریہ71،ٹینکوں کے عشاریہ62،جہازوں کے عشاریہ48 ،جنگی ہیلی کاپٹروں کے عشاریہ 48،طیارہ بردار کے عشاریہ 05اور آبدوزوں کے عشاریہ52اسکوردئیے گئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان آئندہ دہائی میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کی تیسری بڑی ایٹمی قوت ہوگا۔اس فہرست میں بھارت کو پانچواں نمبر دیا گیا جس کا بجٹ52کھرب20ارب روپے(50ارب ڈالر) ہے جس کے پاس13لاکھ25ہزار ایکٹو فورس ہے۔اس کے پاس6464ٹینک،1905طیارے اور 15آبدوزیں ہیں۔رپورٹ کے مطابق 2020تک دفاعی اخراجات کے لحاظ سے بھارت دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن جائے گا۔
رپورٹ میں دنیا کی بیس مضبوط افواج جو ترتیب دی گئی ہے وہ اس طرح ہے : امریکا ، روس، چین،جاپان، بھارت، فرانس، جنوبی کوریا، اٹلی، برطانیہ، ترکی، پاکستان، مصر، تائیوان، اسرائیل، آسٹریلیا، تھائی لینڈ، پولینڈ، جرمنی، انڈونیشیاء اور کینیڈا۔