7 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 14:59
پائلٹوں کی ہڑتال سے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوا
جیو نیوز - کراچی......پائلٹوں کی ہڑتال سے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن کیا متاثر ہوا،، نجی ائیرلائنوں کی پانچوں انگلیاں گھی میں،، سر کڑاہی میں ہوگیا۔ ساری نجی ایئرلائنز نے مسافروں کیخلاف گٹھ جوڑ بنا کر کرایوں کی ساری رعایتیں ختم کرکے خوب مال بنایا۔
پی آئی اے اور پائلٹس کی تنظیم پالپا کی تو تو میں میں، کا سب سے زیادہ فائدہ نجی ائیرلائنز نے اٹھایا،جنہوں نے کرایوں میں دی جانے والی تمام رعایتیں ختم کردیں۔
گدھ کی طرح گٹھ جوڑ کرنے والی نجی ائیرلائنز نے مسافروں کو سونے کا انڈہ دینے والی مرغی سمجھ کر انہیں حلال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
پائلٹس کی تنظیم پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان تنازع سے پہلے قومی ائیرلائن کا کراچی اسلام آباد کا یکطرفہ کرایہ بارہ ہزار روپے تھا جس میں اب بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
لیکن ائیر بلو جس کا ٹکٹ نو ہزار آٹھ سو روپے تھا ،وہ ٹکٹ اٹھائیس ہزار پانچ سو روپے تک پہنچ گیا۔ شاہین ائیر نے دس ہزار پانچ سو کا ٹکٹ چھبیس ہزار 600 کا فروخت کیا۔
کراچی لاہور روٹ پر بھی پی آئی اے کا ٹکٹ بارہ ہزار کا تھا جو اس بحران کے دوران بھی تبدیل نہ ہوا،لیکن ائیر بلیو یہاں بھی اپنی تجوریاں بھرنے سے باز نہ آئی اور نو ہزار روپے کا ٹکٹ بائیس ہزار دو سو روپے تک پہنچا دیا۔شاہین ائیر لائن بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے سے پیچھے نہ رہی آٹھ ہزار آٹھ سو کا ٹکٹ انیس ہزار تین سو میں بیچا۔
اور اب بات کراچی سے پشاور جانے والی پروازوں کی جہاں پی آئی اے کے دس ہزار روپے کے کرائے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
لیکن شاہین ائیر سات ہزار پانچ سو کا کرایہ پچیس ہزار پانچ سو پر لے گئی،یوں پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں، اب پالپا نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
تو کیا مسافروں سے اینٹھی گئی رقم واپس کی جائے گی یا نجی ائیرلائنز خود ماش کی دال کے آٹے کی طرح اینٹھ جائیں گی ۔