8 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 3:31
کراچی: مختلف علاقوں میں پولیس کی رات گئے کارروائیاں، 6 ملزمان گرفتار
جیو نیوز - کراچی.........کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے ایک کارندے، ٹارگٹ کلر اور اسٹریٹ کرمنل سمیت 6ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق محمود آباد کے قریب، منظور کالونی میں 3رکنی گروہ کی شہریوں سے لوٹ مار کی شکایات مل رہی تھیں جس پر کاروائی کی گئی۔ ملزمان کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس جب پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ اس کے دیگر 2ساتھی فرار ہوگئے۔
ادھر شاہ فیصل کالونی میں پولیس نے کارروائی کرکے ٹارگٹ کلر آصف زیدی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم قتل کی واردات میں پولیس کو مطلوب ہے اور اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب سہراب گوٹھ کے علاقے میں بھی پولیس کی کارروائی میں 2اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے اسلحہ اور گبول ٹائون سے چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔
ایک اور واقع میں ماڑی پور میں پولیس نے کارروائی کی اور لیاری گینگ وار ملا زبیر گروپ کے 2کارندوں کو گرفتار کرلیا، ملزم کی شناخت سرفراز عرف منا اور بہادر کے نام سے ہوئی اور ملزمان کے قبضے سے 2ٹی ٹی پسٹل اور 2ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔