9 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 19:48
ایم کیو ایم کے مستعفی ارکان پارلیمنٹ کو پھر نوٹس جاری
جیو نیوز - اسلام آباد.......سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کے استعفا دینے والے ارکان پارلیمنٹ کو ایک بار پھر نوٹس جاری کر دیے ہیں ۔ عدالت نے چیئرمین سینیٹ کی رولنگ کو عدالتی رکارڈ کا حصہ بنانے کا حکم بھی دیا ہے ۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نےپاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کے استعفوں سے متعلق سید ظفر علی شاہ کی درخواستوں پر سماعت کی ۔نوٹسز کے باوجود ایم کیو ایم کی طرف سے کوئی عدالت میں پیش نہ ہواجس پر عدالت نے ایک بار پھر انہیں نوٹسز جاری کر دیے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے 19ارکان قومی اسمبلی کی طرف سےسینئر ایڈووکیٹ حامد خان پیش ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کی اسمبلی میں واپسی کے بعد استعفے غیر موثر ہو گئے ہیں۔
سینیٹ میں قائد ایوان اور حزب اختلاف کی طرف سے اعتزاز احسن پیش ہوئے اور کہا کہ استعفوں کی منظوری یا نا منظوری میں ان کا کوئی کردار نہیں، انہیں بطور فریق درخواست سے نکالاجائے تاہم ظفر علی شاہ نے اس کی مخالفت کی۔ عدالت نےفریقین کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کی جب کہ اسی کیس سے متعلق 2اور درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید کارروائی چار ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی ۔