10 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 14:19
پیپلز پارٹی اپنی بقاء کی جنگ میں مصروف ہے، بھارتی اخبار
جیو نیوز - کراچی......رفیق مانگٹ......پاکستان پیپلز پارٹی اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے کیوں کہ ملک کے کچھ طاقتور حلقے پیپلز پارٹی کو پسند نہیں کرتے۔ طالبان سمجھتے ہیں کہ ان کی بقا اور کامیابی پیپلزپارٹی کے زوال سے منسلک ہے جبکہ کراچی میں مقیم افراد خاص کر مہاجروں کی اکثریت پی پی پی کو ووٹ نہیں دیتی لیکن اس کے باوجود یہی واحدوفاقی سیاسی پارٹی ہے۔
پی پی پی سے متعلق ان خیالات کا اظہار بھارتی اخبار ”انڈین ایکسپریس “ نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں پی پی پی کے ووٹ بینک کو خطرہ لاحق ہے جبکہ سندھی "سوشلسٹ" اور قوم پرست جماعتیں ’بھٹو کرشمے‘ کے خاتمے کی منتظر ہیں۔“
اخبارمزید لکھتا ہے کہ”پیپلزپارٹی کوآصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری سے دھچکا پہنچا ہے۔ پارٹی کی امیج خراب ہوئی ہے کیوں کہ ان پربدعنوانی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
اخبار لکھتا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری کے بعدہی سابق صدر آصف زرداری نے پس منظر میں چلے جانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد پارٹی رہنما کے طور پر وہ اپنے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کو سامنے لائے۔
رپورٹ میں یہ جائزہ لینے کی کوشش کی گئی ہے کہ کیا واقعی پی پی کو قیادت کا مسئلہ درپیش ہے اور کیا حقیقت میں پارٹی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے۔
اخبار نے اس حوالے سے بلاول بھٹو کا ایک بیان بھی نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ” پیپلز پارٹی ختم نہیں ہو ئی اور نہ ہی ختم ہو گی۔ یہ جماعت ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی بیٹی بے نظیر بھٹو کے بعد بھی پھیل رہی ہے۔ اب پارٹی کاپرچم میں خود اٹھاوٴں گا۔